لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان میں سوشل میڈیا استعمال کرنے کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے۔ ہزاروں نوجوان اپنی ویڈیوز بنا کر یوٹیوب پر ڈالتے ہیں لیکن لاکھ کوششوں کے باوجود انھیں سبسکرائیبرز نہیں ملتے۔ آئیے آپ کو بتاتے ہیں کہ آپ لوگوں کو کیسے راغب کر سکتے ہیں۔ سب سے پہلے یہ بات ذہن میں رکھیں کہ یوٹیوب پر اچھی ویڈیو بنا کر اپ لوڈ کرنے اور سبسکرائیبرز بڑھانے کیلئے سب سے اہم ہے کہ ہم انتہائی اہم چیزوں کو اپنے ذہن میں رکھیں۔ سب سے پہلی بات جس پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے وہ آڈیو کوالٹی ہے۔ یاد رکھیں کہ آڈیو کوالٹی کی اہمیت یوٹیوب پر ویڈیوز کی کواالٹی سے زیادہ ہے۔ مطلب یہ کہ آپ جو ویڈیو یوٹیوب پر اپ لوڈ کرنا چاہتے ہیں اس کی آواز صاف اور درست ہونی چاہیے جو دوسروں کو اچھی طرح سے سمجھ میں آئے۔ اکثر دیکھا گیا ہے کہ یوٹیوب پر نئے آنے والے افراد چند ایک ویڈیوز ڈال کر مطمئن ہو جاتے ہیں۔ انھیں یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ ایسے کرنے سے ان کے یوٹیوب چینل کی کوئی وقعت نہیں رہے گی۔ اس کیلئے ضروری ہے کہ ہمیشہ دوسروں سے فیڈ بیک لی جائے جبکہ اپنی تیار کردہ ویڈیوز کا تنقیدی جائزہ بھی لیتا رہے۔ یہ بات بھی ہمیشہ ذہن میں رکھنے کی ضرورت ہے کہ صرف ویڈیوز ہی نہیں بلکہ اس کا ٹائٹل اور تھمب نیل بھی بہت ہی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔ اس لئے ویڈیو کا ٹائٹل اور تھمب نیل میں نظر آنے والی فوٹو بہترین ہو کیونکہ ان دونوں چیزوں پر توجہ دینے سے صارفین آپ کی ویڈیو کی جانب راغب ہوتے ہیں۔ سکرین ریشو 2:1 یوٹیوب ویڈیوز پر سب سے بہتر ہوتا ہے۔ اس سے مراد یہ ہے کہ اگر ویڈیوز فلماتے وقت سکرین کا ریشو 2:1 رکھا جائے تو اس سے آپ کا مواد شاندار کوالٹی میں تیار ہوگا۔ وائرل ویڈیوز یوٹیوبرز کی ذہنی صلاحیتوں کو تباہ کر دیتی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی بھی یوٹیوبر کیلئے سب سے زیادہ نقصان دہ چیز کوئی ویڈیو وائرل ہونا ہے کیونکہ ایسی ویڈیو اس کی تخلیقی صلاحیتیں متاثر کر دیتی ہیں۔ سب سے اہم چیز جو ذہن میں رکھنا ضروری ہے وہ یہ کہ ہمیشہ بہترین بنانے کی کوشش کریں لیکن نمایاں ہونے کی دوڑ میں کبھی شامل نہ ہوں۔ اس سے یوٹیوبرز کو بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔ موسیقی اور بہترین گرافکس کا انتخاب بھی اس سلسلے میں بہت ہی اہم ہے۔ یوٹیوب ویڈیوز میں شامل کئے گئے اعدادوشمار اور لائنوں کو واضح طور پر اچھے طریقے سے ٹائپ کیا جانا ضروری ہے جبکہ اچھی موسیقی کو بھی اپنے مواد میں شامل کرنا چاہیے۔