ویب ڈیسک: پنجاب کے شہر حافظ آباد کے علاقے کولو تارڑ کے قریب میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے استحکام پاکستان پارٹی کے ضلعی رہنما ضیغم سلطان تارڑ کو قتل کردیا جبکہ ملزمان فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق حافظ آباد میں استحکام پاکستان پارٹی کے ضلعی رہنماء ضیغم سلطان تارڑ کار پر اپنے گاؤں کوٹ اسحاق جا رہے تھے کہ کولو تارڑ کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے ضیغم سلطان تارڑ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق قتل کی واردات کے بعد ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔
پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں، مقتول سابق ایم پی اے مامون جعفر تارڑ کے قریبی ساتھی تھے۔