اسلام آباد میں جلسے کی درخواست مسترد،پی ٹی آئی نے توہین عدالت کی درخواست دائر کردی

اسلام آباد میں جلسے کی درخواست مسترد،پی ٹی آئی نے توہین عدالت کی درخواست دائر کردی

(ویب ڈیسک ) اسلام آباد میں احتجاج کی اجازت کی درخواست مستر د ہونے پر پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی ۔

تفصیلات کے مطابق  ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے پی ٹی آئی کی اسلام آباد میں احتجاج کی اجازت کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ   اسلام آباد میں 60 سے زائد سفارت خانے، عالمی اداروں کے دفاتر ہیں، ڈپلومیٹ اور فارنرز مختلف سیکٹرز میں رہتے ہیں، نقل و حرکت کرتے ہیں۔

نوٹیفکیشن  کے مطابق  شہر میں احتجاج اور ریلیاں غیرملکیوں کی نقل و حرکت کو متاثر کرینگے،  اسکے علاوہ روزانہ 5 لاکھ لوگ اسلام آباد میں ملازمت یا تعلیم کی غرض سے سفر کرتے ہیں،  احتجاج اُنہیں اُنکے بنیادی حق سے محروم کریگا لہذا احتجاج کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

دوسری جانب   پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسے اور احتجاج کی اجازت نہ دینے پر توہینِ عدالت کی درخواستیں دائر کردی گئی ہے۔ پی ٹی آئی اسلام آباد کے صدر عامر مسعود مغل نے توہینِ عدالت کی درخواستیں دائر کیں۔ درخواستوں میں سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور آئی جی اسلام آباد کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ  عدالتی حکم کے باوجود ضلعی انتظامیہ نے درخواست پر فیصلہ نہیں کیا۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ  فریقین کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کی جائے۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس عامر فاروق نے اسلام آباد جلسے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور پی ٹی آئی کو مشاورت کا حکم دیا تھا۔جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے آج احتجاج کی درخواست پر ڈپٹی کمشنر کو فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔

Watch Live Public News