(ویب ڈیسک ) تھرپارکر میں دوران بارش آسمانی بجلی گرنے کے 3مختلف واقعات میں جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہوگئی ہےجبکہ 20سے زائد مویشی بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ننگرپارکر کے نواحی گاؤں آکراڑو میں کھیت میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک ہی خاندان کے 3 بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ایک ہی خاندان کے 6 افراد کھیت میں موجود تھے کہ آسمانی بجلی گرگئی،جس سے دو 8 سالہ بچیاں، ایک 10سالہ بچہ ، 2 نوجوان اور ایک بزرگ جاں بحق ہوگئے۔
علاوہ ازیں گاؤں بانٹاڑیو میں آسمانی بجلی کی زد میں آکر راہ گیر 40سالہ شخص جاں بحق ہوگیا ۔ چھاچھرو کے گاؤں خمیسو منگریو میں بھی آسمانی بجلی گرنے سے 11سال کی بچی جاں بحق ہو گئی۔
واضح رہے کہ نگرپارکر کے مختلف دیہاتوں میں گرج و چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔