کراچی(پبلک نیوز) تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی نے احتجاجا سندھ اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا. اسمبلی سیکریٹریٹ نے ان کا استعفی ملنے کی تصدیق کردی.
میڈیا سے گفتگو میں رکن سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ پچھلے تین سال سے جمہوریت کا جنازہ دیکھتے آرہے ہیں، اپوزیشن لیڈر کا نا مائیک کھلتا ہے، اسٹیڈنگ کمیٹی میں حقیقی اپوزیشن کی کوئی رکنیت نہیں،کل قائد حزب اختلاف کا مائیک کھولنے کی اجازت نہیں دی،کل اراکین کو معطل کیا گیا،آج ہمارے اراکین کو اسمبلی میں آنے نہیں دیا گیا، میں اپنی سیٹ سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتا ہوں.
انہوں نے کہا اس ایوان میں اپنے حلقے کی خدمت نہیں کرسکا،میرے پاس احتجاج کے لیے سڑکیں موجود ہیں،میں احتجاجاً سندھ حکومت کے خلاف استعفیٰ فلور پر دیکر آچکا ہوں.
اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا آج سندھ اسمبلی میں اناللہ وانا الیہ راجعون، اس افسوس کے عالم میں فردوس نقوی نے استعفیٰ دیا،فردوس صاحب عمران خان کے پرانے ساتھی ہیں،جمہوری جماعت کا پودہ اسکندر مرزا نے لگایا، بھٹو اسکندر مرزا کی نرسری میں پیدا ہوئےانہیں ایوب خان نے پانی دیا، یہ ڈکٹیٹر کی پیداوار ہیں،مشرف سے جاکر انہوں نے این آر او لیا،بے بی کا دور چل رہا ہے اب، جمہوریت پر انہوں نے چھری چلا دی ہے.