یکم جولائی سے عوام کو مفت ادویات ملیں گی

یکم جولائی سے عوام کو مفت ادویات ملیں گی
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ یکم جولائی سے ہسپتالوں میں عوام کو مفت دوائیاں ملنا شروع ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت ملک میں آئینی بحران پیدا کر کے گئی لیکن اس کے باوجود ہم نے عوام کو سستے آٹے کی فراہمی جاری رکھی۔ اب غریب مریضوں کی سہولت کیلئے یکم جولائی سے مفت دوائیاں دینے کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ شاہدرہ میں قتل ہونے والے پندرہ سالہ لڑکے کی رہائش گاہ آمد پر حمزہ شہباز نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں بڑھتے جرائم سے آنکھیں نہیں چرا سکتے۔ اس واقعے میں ملوث ملزموں کو سخت سزا دلوانے کیلئے کارروائی کی جائے گی۔ میڈیا سے گفتگو میں حمزہ شہباز نے الزام عائد کیا کہ نیا پاکستان بنانے والوں نے پرانا پاکستان خراب کیا۔ 3 مہینے میں پنجاب میں آئین کی پامالی کے واقعات ہوئے۔ صدر مملکت عمران نیازی کے حکم پر آئین شکنی کے مرتکب ہوئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پولیس افسران کی تعیناتی میں پروفیشنل ازم کو سامنے لائیں گے۔ پولیس افسران کی بھرتیاں پسند اور ناپسند کی بنیاد پر نہیں کریں گے۔ ہم نے سب سے پہلے ایجنڈا رکھا ہے کہ سیف سٹی کیمرے ٹھیک ہونے چاہیں۔ پچھلے پونے 4 سال سے سیف سٹی کیمرے بند پڑے رہے۔ ہم نے لاقانونیت کا قلع قمع کرنا ہے۔ پولیس کی استعداد میں اضافہ کرنا ہے کیونکہ صوبے میں جرائم کی شرح بڑھ رہی ہے۔ خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے احسن اقدام اٹھایا ہے۔ ان کی کینسر کے مریضوں کے لئے مفت ادویات کی فراہمی کیلئے خصوصی کاوش رنگ لے آئی ہے۔ کینسر کے مریضوں کے لئے مفت ادویات کی فراہمی کا مسئلہ حل کر لیا گیا ہے۔ کینسر کے مریضوں کو مفت ادویات کی خریداری کے لئے نقد رقم ان کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کی جائے گی۔ میو ہسپتال اور بینک آف پنجاب کے درمیان مفت ادویات کی خریداری کے لئے رقم ٹرانسفر کے حوالے سے معاہدہ طے پا گیا ہے۔ 18 جون کو وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کی موجودگی میں معاہدہ پر دستخط کئے گئے تھے۔ بینک آف پنجاب کینسر کے رجسٹرڈ مریضوں کو امید زندگی پروگرام کے تحت رقم منتقل کرے گا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔