وزیر اعظم کی رش والی جگہوں پر کورونا ایس او پیز یقینی بنانے کی ہدایت

وزیر اعظم کی رش والی جگہوں پر کورونا ایس او پیز یقینی بنانے کی ہدایت
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے رش والی جگہوں پر کورونا ایس او پیز یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملک میں کورونا کی صورتحال پر جائزہ اجلاس ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزراء عبدالقادر پاٹیل، رانا ثناء اللہ، شیری رحمن، چیئرمین این ڈی ایم اے، سیکٹری اطلاعات، سیکٹری نیشنل ہیلتھ سروسز اور متعلقہ اعلی افسران نے شرکت کی، اجلاس میں چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکٹریز نے بھی وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس کو پاکستان سمیت عالمی سطح پر اس وقت کووڈ کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ دنیا بھر میں کووڈ کے کیسسز کی تعداد میں مجموعی طور پر کمی کا رجحان ہے۔ گزشتہ اومیکرون کی لہر کے بعد اومی کرون کا نیا ویرئنٹ حال ہی میں پاکستان میں کووڈ کیسز میں اضافے کا باعث بن رہا ہے جس کی وجہ سے 28 جون کو قومی شرح 3 فیصد سے تجاوز کی، نئے ویرئنٹ میں ہاسپٹلائیزیشن کی شرح پہلی تمام کووڈ لہروں سے کم ریکارڈ کی گئی ہے۔ اجلاس کو ملک میں ویکسینیشن کی موجودہ صورتحال پر بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک کی اس وقت 12 سال سے زائد 86 فیصد آبادی مکمل طور پر ویکسینیٹڈ ہے جبکہ 93 فیصد کو کم از کم ایک ڈوز لگ چکی ہے۔ پاکستان میں اس وقت ویکیسنیشن لگانے کی استعداد 2 لاکھ یومیہ سے ذیادہ ہے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ سندھ میں اس وقت تک پوری آبادی کو مکمل طور ویکسینیٹ کر لیا گیا ہے، جبکہ پنجاب اور دیگر صوبوں میں بھی ویکسینیشنن کا عمل تیزی سے تکمیل کہ جانب گامزن ہے. اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ بارڈر پر بیرونِ ملک آمدو رفت کی بھی کڑی نگرانی کیلئے اقدامات اور فاسٹ ٹریک ایپ کو صارفین کیلئے آسان اور بہتر بنایا جا رہا ہے۔ وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو نہ صرف کووڈ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے بلکہ اس حوالے سے عوامی آگاہی بڑھانے کی بھی ہدایات جاری کیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مکمل ویکسینیشن، بوسٹر ڈوز، ماسک، سینیٹائزر کا استعمال اور سماجی فاصلے کا خیال رکھیں، عید الاضحی پر مویشی منڈیوں، شادیوں اور نجی محافل میں ماسک اور سینیٹائزر کا استعمال یقینی بنائیں، کووِڈ سے اپنے پیاروں کے بچاؤ کیلئے ہم سب کو ذمہ داری سے ایس او پیز پر عمل کرنا ہے۔ وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ چیف سیکٹریز صوبوں میں تمام اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں، تمام اداروں بالخصوص این سی او سی کی کووڈ کے دوران خدمات قابلِ تحسین ہیں، فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز، ڈاکٹرز، رضاکاروں کی کووڈ کے دوران خدمات پر خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، کووڈ سے بچاؤ کے دوران شہید ہوئے ہیلتھ ورکرز نے قوم کے تحفظ کیلئے قربانیاں دیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔