اسلام آباد: حکومت نے روس سے خام تیل کی درآمد کے لیے تجاویز طلب کر لیں۔پیٹرولیم ڈویثرن کی جانب سےآئل ریفائنریزکو خط لکھا گیا کہ وہ حکومت کو روس سے خام تیل کی درآمد کےلیے تجاویز دیں۔ پاکستان کی وزارتِ توانائی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں قابلِ عمل تجاویز فراہم کریں۔ خط میں لکھا گیا کہ مشرق وسطی کے مقابلے میں روس سے تیل درآمد پر اخراجات کا موازنہ پیش کیا جائے،روس کو تیل کی ادائیگیوں کے طریقہ کار بھی تفصیلات فراہم کی جائیں۔ خیال رہے کہ روس سے خام تیل کی درآمد پاکستان میں تحریک انصاف کی سابقہ حکومت اور موجودہ حکومت جس کی سربراہی پاکستان مسلم لیگ نواز کر رہی ہے کے درمیان بحث کا موضوع رہا ہے۔ سابق وزیر توانائی حماد اظہر نے روس سے تیل کی درآمد کے لیے لکھے گئے خط کو سوشل میڈیا پر جاری کیا تھا جبکہ موجودہ حکومت کے مطابق روس نے اس کا کوئی جواب نہیں دیا ہے۔ پاکستان اس وقت عالمی مارکیٹ میں تیل کی بڑھتی قیمتوں کی وجہ سے مالی مشکلات کا شکار ہے اور اسے اس کا بوجھ مقامی صارفین کو منتقل کرنا پڑا جبکہ سابقہ حکومت کے دعوے کے مطابق روس 30 فیصد رعایتی نرخوں پر خام تیل دینے کے لیے تیار تھا۔