ویب ڈیسک: ڈی آئی جی لاہور عمران کشور نے کہا ہے کہ لڑکیوں کو اغواء کر کے جسم فروشی کرانے والے 3 رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران کشور نے کہا کہ گرفتار ملزمہ کے انکشاف پر 3 لڑکیوں کو فیصل آباد سے بازیاب کرالیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ نواں کوٹ لاہور سے اغواء ہونے والی 16 سال کی لڑکی کو فیصل آباد سے بازیاب کرایا گیا۔
عمران کشور نے کہا کہ گروہ لڑکیوں کو جسم فروشی کے اڈوں پر بھجوا کر 70 ہزار ماہانہ وصول کرتا،بازیاب ہونے والی لڑکیاں لاہور کے مختلف علاقوں سے لاپتہ ہوئیں۔
عمران کشور نے کہا کہ ممتاز نامی خاتون گھر سے ناراض ہوکر جانے والی لڑکیوں کو ٹریپ کرتی، گروہ کی نشاندہی پر مزید لڑکیوں کی بازیابی کی کوششیں جاری ہیں۔ملزمہ نے لڑکیوں کو رقم کے عوض فیصل آباد میں فروخت کیا۔
عمران کشور نے کہا کہ ملزمہ نے ان بچیوں کو فیصل آباد سے اسلام آباد بھجوایا، گروہ ان لڑکیوں کا جعلی نکاح نامہ اور اسٹامپ پیپر بنا کر بلیک میل کر کے جسم فروشی کراتا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ جرائم پیشہ گروہ کے مزید ارکان کی گرفتاریوں کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔