میں جینا نہیں چاہتا، سینیئر اداکار راشد محمود بجلی کا بِل دیکھ کر شدیدبرہم ہوگئے

میں جینا نہیں چاہتا، سینیئر اداکار راشد محمود بجلی کا بِل دیکھ کر شدیدبرہم ہوگئے

 ویب ڈیسک: ماضی کے مقبول اور سینئر اداکار راشد محمود 45 ہزار کا بجلی کابل دیکھ کر  پھٹ پڑےاور بل کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ارباب اختیار کو کھری کھری سنا دیں۔

 ملک بھر میں جہاں ایک طرف شدید گرمی کا راج ہے وہیں لوڈشیڈنگ کے ساتھ بھاری بھرکم بلوں نے عوام کا جینا دوبھر کر رکھا ہے۔

شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار راشد محمود بھی اس مشکل میں گھرے ہوئے ہیں اور بجلی کا زائد بل آنے پر انہوں نے اپنا غصہ سوشل میڈیا پر نکالا۔

ایک ویڈیو میں راشد محمود نے بتایا کہ ’ میرے 701 یونٹ کا بل 45 ہزار 368روپے آیا ہے ، میں 4 مرتبہ ہارٹ اٹیک کے باوجود اللہ کے کرم سے زندہ ہوں  لیکن آج  سوچتا ہوں میرے اللہ مجھے کیوں بچایا، میں نے اپنی ساری زندگی اس ملک کی نہایت ایمانداری کے ساتھ خدمت کی، ہمارے کاموں کے باعث  یہاں اربوں روپے اکٹھا ہوئے لیکن پچھلے کئی سالوں سے لاہور میں ہمارے لیے کوئی کام نہیں، اب  میں 45ہزار بجلی کے بل کی ادائیگی کیلئے پیسے کہاں سے لاؤں‘؟

سینئر اداکار نے آبدیدہ ہوتے ہوئے کہا کہ ’میرے پاک پروردگار میں ایک غلط ملک میں پیدا ہوا، ہم نے زندگی رب کے خوف سے گزاری کیا یہی ہمارا قصور ہے؟ میرے مالک مجھے اٹھالے، میں زندہ نہیں رہنا چاہتا، میں باہر جاکر بہت کچھ کرسکتا تھا لیکن میں نہیں گیا، میرا دل دکھا ہوا ہے میں بیمار ہوں، مرنے کی دعا کرنے لگاہو ں،میں نے اس ملک کی ساری زندگی خدمت کرکے غلط کیا، اگر میں بھی چوروں کے ساتھ شامل ہوجاتا تو یہ چیخ وپکار نہیں کرتا‘۔

انہوں نےمزید  کہا کہ ارباب اختیار نے ہماری قوم کو ایک عذاب میں مبتلا کردیا ہے، ہمارے ملک میں عوام کیلئے کچھ نہیں ہے، یہ ساری جماعتیں ایک جیسی ہیں سب اپنے لیے کررہے ہیں عوام کیلئے کوئی کچھ نہیں کررہا۔

Watch Live Public News