سورج سوانیزے پر،انسان اور جانداربےحال

سورج سوانیزے پر،انسان اور جانداربےحال
کیپشن: سورج سوانیزے پر،انسان اور جانداربےحال

ویب ڈیسک: صوبائی دارالحکومت لاہور میں آج صبح سویرے ہی سورج اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ چمکنے لگا، شہر میں آج پارہ 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 27 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے اور شہر کا موسم دن بھر گرم اور خشک رہے گا۔

موسم کا احوال بتانے والوں کے اعداد و شمار کے مطابق شہر لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ شہر میں ہوا کی رفتار 6 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 30 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔

شہر قائد کراچی میں آج سے ہیٹ ویو کی پیشگوئی
  شہر قائد میں آج سے ہیٹ ویو کی پیشگوئی کی گئی ہے، کراچی میں آج پارہ 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں اس وقت مطلع جزوی ابر آلود اور موسم گرم و مرطوب ہے جبکہ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ شہر میں مغربی سمت سے 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دروان موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ہیٹ ویو کے باعث شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں، پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔

دوسری جانب اندرون سندھ ٹھٹہ، بدین اور سجاول کے اضلاع بھی ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہیں گے، گزشتہ روز جیکب آباد ملک کا گرم ترین مقام رہا، جیکب آباد میں درجہ حررات معمول سے 7.7 فیصد زیادہ 51.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا.

محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوں میں اندرون سندھ میں گرمی کی لہر برقرار رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ 

اس کے علاوہ محکمہ موسمیات کی جانب سے سندھ کے بعض اضلاع میں آج مسلسل ساتویں روز درجہ حرارت 50 ڈگری یا زائد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سکھر، نواب شاہ، موہن جو دڑو، دادو اور سبی میں پارا 50 ڈگری یا اس سے اوپر جائے گا، لاہور میں پارا آج 46 ڈگری کو چھوئے گا جب کہ ملتان، ڈیرہ غازی خان اور  بہاولپور میں 48 سے 49 ڈگری متوقع ہے، فیصل آباد او ر سرگودھا میں 47 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔

Watch Live Public News