فیروز خان ’خدا اور محبت‘ سے متاثر نوجوان سے ناراض کیوں ہیں؟

فیروز خان ’خدا اور محبت‘ سے متاثر نوجوان سے ناراض کیوں ہیں؟

ویب ڈیسک: فیروز خان اپنے ڈرامہ سیریل ’خدا اور محبت‘ سے متاثر ہو کر اپنا روپ ڈھالنے والے نوجوان عظیم اللّہ قریشی سے ناراض ہو گئے ، فیروز خان نے نوجوان کو تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

حالیہ انٹرویو میں فیروز خان نے ملتان سے تعلق رکھنے والے نوجوان کو تنقید کا نشانہ بنا ڈالا، جو محبت میں ناکامی پر ملتان کی ایک درگاہ پر جابیٹھا ، فیروز خان نے کہا ہم اکثر یہ بھول جاتے ہیں کہ ہم ایک ایسے دور میں جی رہے ہیں جہاں پر لوگ شہرت حاصل کرنے کے لیے کچھ بھی کرتے ہیں۔ کئی دفعہ ہمارے نوجوانوں کو اس بات کا بھی احساس نہیں ہوتا کہ وہ اپنے ساتھ کئی دیگر لوگوں کو بھی منفی انداز میں متاثر کر رہے ہیں، اس طرح کی حرکتوں سے ملک اور قوم کی بدنامی ہوتی ہے۔

اداکار نے کہا کہ ٹک ٹاک اور دیگر حالیہ واقعات کی وجہ سے ہمارے ملک کی امیج کو کافی نقصان پہنچا ہے جبکہ ان واقعات کے پیچھے کوئی حقیقت بھی نہیں تھی۔‘

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر کچھ تصاویر وائرل ہوئی تھیں جوکہ ملتان کے ایک رہائشی نوجوان کی تھی جس نے ہوبہو ’خدا اور محبت‘ کے مرکزی کردار فرہاد کی طرح روپ دھارا ہوا تھا۔مقامی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق دسویں جماعت کا طالبعلم عظیم اللّہ قریشی ہر جمعہ کوحضرت شاہ شمس تبریز کے مزار پر جوگی کے حلیے میں بیٹھ جاتا ہے اور اپنی محبت کو یاد کرکے تسبیحات پڑھتا ہے۔

عظیم اللّہ ہر جمعے کو اس امید پر مزار پر بیٹھتا ہے کہ جیسے ڈرامے میں فرہاد کی ماہی سے ملاقات مزار پر ہوئی تھی ویسے اس کی کھوئی ہوئی محبت بھی اسے مزار پر مل جائے گی۔عظیم اللّہ نے اپنی محبت کے بارے میں بتایا کہ وہ اس کے ساتھ اسکول میں پڑھتی تھی مگر اس نے عظیم کو دھوکا دیا اور کسی اور سے شادی کرلی، اسے اس لڑکی سے عشق تھا، وہ مزار سے اس وقت ہی اٹھے گا جب وہ اسے دوبارہ مل جائے گی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔