لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ناراض رہنما جہانگیر ترین پاکستان واپس پہنچ گئے ہیں۔ اس بات کی اطلاع ان کے ترجمان کی جانب سے دی گئی ہے۔ خیال رہے کہ جہانگیر ترین کچھ عرصہ سے لندن میں مقیم تھے، جہاں ان کا علاج کیا جا رہا تھا۔ ترجمان کے مطابق جہانگیر ترین اور ان کے صاحبزادے علی ترین لاہور پہنچے۔ ان کی وطن واپسی براستہ دبئی ہوئی ہے۔ اپنی صحت کے بارے میں بات کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ میری طبیعت میں اب بہتری آ چکی ہے۔ ڈاکٹروں نے مجھے سفر کی اجازت دی تھی جس کے بعد وطن واپسی ممکن ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں صحتیابی کیلئے دعائیں کرنے پر قوم کا مشکور ہوں۔ جلد ہی ساتھیوں کیساتھ مشاورت اور ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کردوں گا۔