ویب ڈیسک: سمندر میں بننےوالا ڈیپ ڈپریشن 'اسنیٰ' طوفان میں تبدیل ہونے لگا۔ ڈیپ ڈپریشن کراچی کے جنوب مشرق میں 200 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شام تک ڈیپ ڈپریشن 'اسنیٰ' طوفان میں شدت اختیار کرلےگا۔ بحیرہ عرب کے سمندر میں ہوا کا ڈیپ ڈپریشن مغرب-جنوب مغرب کی طرف بڑھتا رہے گا۔ ڈیپ ڈپریشن کے طوفان میں تبدیل ہونے کےبعد اسے 'اسنیٰ' طوفان کا نام دیاگیا۔
طوفان کا نام اسنیٰ پاکستان کی جانب سے تجویز کیاگیاہے۔ بتایا گیا ہے کہ کراچی سمیت سندھ کی ساحلی پٹیوں پر طغیانی میں اضافے کا امکان ہے۔ ماہی گیروں کو سمندر میں مچھلی کا شکار کیلئے جانے سے پرہیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ڈیپ ڈپریشن کی شدت میں اضافے سے موسلا دھار بارشیں برسیں گی۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں بارشو ں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہےگا۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ شدید ڈپریشن آہستہ آہستہ مغرب، جنوب مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے۔ سسٹم کراچی کے جنوب مشرق میں 200 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ سسٹم آج سہ پہر یا شام تک سمندری طوفان میں شدت اختیار کرے گا۔ ممکنہ سمندری طوفان مغرب،جنوب مغرب کی جانب بڑھے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ممکنہ سمندری طوفان کے باعث کراچی میں تیز ہواوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ کراچی میں بارش کا سلسلہ کل تک جاری رہے گا۔ تاہم سمندری طوفان کے کراچی سے ٹکرانے کا کوئی امکان نہیں۔ سمندری طوفان کراچی کے جنوب، جنوب مغرب سے گزرے گا۔ آج کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ نے کہا کہ ڈیپ ڈپریشن ابھی تک سمندری طوفان میں تبدیل نہیں ہوا ہے۔ سسٹم بحیرہ عرب میں پہنچنے کے بعد سمندری طوفان میں تبدیل ہوگا۔