ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں دن میں تیز دھوپ کے ساتھ موسم گرم رہے گا جبکہ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی دوسرے نمبر پر آگیا، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی چھٹے نمبر پر موجود ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 23 سینٹی گریڈ ہے، شہر کا کم از کم درجہ حرارت 18 سے 20 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں شمال مشرق سمت سے 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 84 فیصد ہے۔
ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی دوسرے نمبر پر آگیا، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی چھٹے نمبر پر موجود ہے جبکہ ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 184 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی۔
گلشن اقبال کراچی سے آلودہ ترین علاقوں میں پہلے نمبر پر ہے، گلشن اقبال میں آلودگی کے ذرات 273 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کیے گئے۔
دوسری جانب لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 205 ریکارڈ کیا گیا، ملتان میں سموگ کا راج رہا، اے کیو آئی 547 تک پہنچ گیا، پشاور 290، فیصل آباد میں آلودگی کی شرح 249 ریکارڈ کی گئی۔
بھارتی شہر دہلی کا 356 اے کیو آئی کے ساتھ دنیا میں دوسرا نمبر رہا، لاہور سمیت فضائی آلودگی میں پنجاب کے سرفہرست شہروں میں 30 ایئر کوالٹی مانیٹرز کی تنصیب کر دی گئی، دوسرے مرحلے میں 25 مزید مانیٹر لگائے جائیں گے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بتایا کہ لاہور میں فضائی آلودگی کی نگرانی کیلئے مانیٹرز کی تعداد 8 ہو گئی،5 موبائل ایئر کوالٹی مانیٹرز پہلے ہی لاہور میں کام کر رہے ہیں۔