ویب ڈیسک: اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی 6 اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ایک درخواست ضمانت پر سماعت 5 ستمبر تک ملتوی کردی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج محمد افضل مجوکا نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی، پی ٹی آئی کے وکیل بشیر ڈار عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
سماعت کے آغاز پر وکیل بشیر ڈار نے استدعا کی کہ آج بیرسٹر سلمان صفدر عدالت پیش نہیں ہوسکتے لہذا سماعت ملتوی کی جائے۔
بعد ازاں عدالت نے پی ٹی آئی وکلا کی استدعا پر ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 5 ستمبر تک ملتوی کردی جبکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 6 اور بشریٰ بی بی کی ایک درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی کی گئی۔
یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف تھانہ ترنول میں 2، ایک ایک مقدمہ تھانہ رمنا ، سیکرٹریٹ ، کوہسار اور تھانہ کراچی کمپنی میں درج ہے ، عمران خان کے خلاف 3 مقدمات 9 مئی واقعات کے تناظر میں درج ہیں جبکہ ایک مقدمہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف احتجاج کے تناظر میں درج ہے۔
اس کے علاوہ سابق وزیر اعظم کے خلاف ایک مقدمہ اداروں کے خلاف تقریر اور ایک مقدمہ توشہ خانہ جعلی رسیدوں پر درج ہے جبکہ سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ جعلی رسیدیں جمع کرانے پر تھانہ کوہسار میں فوجداری کا مقدمہ درج ہے۔