ویب ڈیسک: درہ آدم خیل میں سیلابی ریلہ گھر کے تہہ خانے میں داخل ہوگیا۔ جس کے نتیجہ میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد جان کی بازی ہارگئے۔ افسوسناک واقعہ پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اظہار افسوس کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق درہ آدم خیل میں سیلابی ریلہ گھر کے تہہ خانے میں داخل ہونے سے ایک ہی خاندان کے 11 افراد جاں بحق ہوئے۔ وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے واقعہ پر اظہار افسوس کیا ہے۔ وزیر اعلی نے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا ہے۔ اس کےعلاوہ جاں بحق افراد کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی گئی ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ افسوسناک واقعے کا سن کر دلی صدمہ ہوا۔ لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
یاد رہے کہ ضلع کوہاٹ میں درہ آدم خیل کے علاقے پرانا بازی خیل میں بارش کا پانی گھر میں داخل ہوگیا جہاں گھر کے تہہ خانے میں موجود ایک ہی خاندان کے11 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق پانی گھر کے تہہ خانے میں بھرا تو کمرے میں سوئے مرد، خواتین اور بچوں میں سے کسی کو باہر نکلنے کی مہلت نہ ملی۔
مرنے والوں میں 6 بچے، 3 خواتین اور 2 مرد شامل ہیں۔