نارووال (پبلک نیوز) کورونا کی بڑھتی ہوئی تیسری لہر کے باعث یونیورسٹی آف نارووال کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی آف نارووال کے سات اساتذہ کورونا کا شکار ہو گئے۔ ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ماس کمیونیکیشن پروفیسر حسیب سرور نے گھر میں قرنطینہ کرلیا۔ کورونا میں مبتلا اساتذہ میں مقبول احمد، عدنان وحید اور عبیہ شوکت شامل ہیں۔
رجسٹرار فہیم مرزا کا کہنا تھا کہ کل بروز بدھ سے یونیورسٹی آف نارووال تا حکم ثانی بند رہے گی۔ یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کی دوبارہ آن لائن کلاسیز شروع کی جائیں گی۔ یونیورسٹی سٹاف کے کورونا ٹیسٹ کروائے جا رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا کے باعث یونیورسٹی اساتذہ اور دیگر سٹاف پالیسی کے مطابق آئیں گے۔ یونیورسٹی طلباء و طالبات کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔ یونیورسٹی آف نارووال میں چار ہزار سے زائد طلباء و طالبات زیر تعلیم ہیں۔