راجندر میگھواڑ پہلے ہندو پی ایس پی افسر، روپ متی’’ دختر وسیب’’ بھی کامیاب

hindu minorities youth cleared css
کیپشن: hindu minorities youth cleared css
سورس: google

 ویب ڈیسک :پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایک ہندو نوجوان راجندر میگھواڑ پی ایس پی میں شامل،  دختر وسیب روپ متی بھی سی ایس ایس میں کامیاب ہوگئیں ۔

راجندر میگھواڑ نے فیصل آباد میں اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں اور انہیں گلبرگ پولیس میں تعینات کیا گیا ہے۔

راجندر میگھواڑ کا تعلق سندھ کے پسماندہ علاقے بدین سے ہے۔ انہوں نے سول سروسز امتحان کامیابی سے پاس کرنے کے بعد پولیس فورس میں شمولیت اختیار کی۔

اپنے خواب کی تکمیل پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے راجندر میگھواڑ نے کہا کہ پولیس فورس کا حصہ بن کر وہ عوام کے مسائل کو زمینی سطح پر حل کر سکتے ہیں۔

راجندر میگھوار کا تعلق صوبہ سندھ کے دور دراز علاقے بدین سے ہے۔ انہوں نے میٹرک تک تعلیم اپنے گاؤں سے حاصل کی اور پھر اعلیٰ تعلیم کے لیے جامشورو میں یونیورسٹی آف سندھ میں داخلہ لیا اور انگلش لٹریچر میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کی۔راجندر میگھوار نے بیچلرز کی تعلیم دسمبر 2019 میں مکمل کی جس کے بعد وہ لاہور چلے آئے۔ لاہور میں انہوں نے 6 ماہ تک مقابلے کے امتحان کے لیے تیاری کی۔
اس دوران وہ جناح باغ میں قائم جناح لائبریری بھی جاتے رہے جہاں وہ کئی کئی گھنٹے مطالعے میں مصروف رہتے تھے۔
انہوں نے مقابلے کا امتحان سنہ 2021 میں پاس کیا جس کے بعد وہ پولیس سروسز میں شامل ہوئے۔
رواں برس قذافی سٹیڈیم میں کئی میچز کے دوران وہ سکیورٹی ڈیوٹی انجام دے چکے ہیں تاہم فیصل آباد پولیس میں یہ ان کی پہلی باقاعدہ تعیناتی ہے۔
راجندر میگھوار کے والد لعل جی پیشے کے اعتبار سے ڈاکٹر ہیں۔

دختر وسیب روپ متی

رحیم یار خان سے اقلیتی برادری کی ایک خاتون روپ متی نے بھی سی ایس ایس امتحان پاس کیا ہے۔ وہ وزارتِ خارجہ میں شمولیت کی خواہاں ہیں تاکہ پاکستان کا مثبت تاثر عالمی سطح پر اجاگر کر سکیں۔

روپ متی میگھوار، پوجا اوڑ، سنیل میگھوار، جیون رباری، اور بھیشم میگھوار  یہ سب وہ نوجوان ہیں جن کا تعلق پسماندہ طبقات سے ہے۔ اور اپنی لگاتار محنت سے انہوں نے ثابت کیا کہ عزم ہو توکوئی بھی پہاڑ عبور کیا جاسکتا ہے ان کی کامیابی صرف ذاتی فتح نہیں بلکہ مشکلات کے خلاف ثابت قدمی کی ایک غیر معمولی مثال ہے۔ محدود وسائل اور سہولیات کے باوجود انہوں نے ثابت کیا ہے کہ عزم اور محنت سے کسی بھی رکاوٹ کو عبور کیا جا سکتا ہے۔ آپ ہم سب کافخر ہیں۔

کامیاب امیدواروں، ان کے اہل خانہ اور دوستوں کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد۔

Watch Live Public News