ویب ڈیسک: ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ملک بھر کی جامعات میں ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں داخلوں کے لیے نئی پالیسی نافذ کر دی ہے، جس کے مطابق 2026 کے سمسٹر سے تمام داخلے لازمی انٹری ٹیسٹ کے ذریعے ہوں گے۔
نئی گائیڈ لائن کے تحت اب کوئی بھی سرکاری یا نجی جامعہ الگ انٹری ٹیسٹ نہیں لے سکے گی۔ تمام داخلے ایچ ای سی کی تعلیمی ٹیسٹنگ کونسل کے تحت ہائر ایجوکیشن ایپٹی ٹیوڈ ٹیسٹ (HEAT) یا گریجویٹ ریکارڈ ایگزامینیشن (GRE) سے مشروط ہوں گے۔
ایچ ای سی نے میرٹ کے فروغ اور نظام کی شفافیت کے لیے گریجویٹ ایجوکیشن پالیسی 2023 کی بعض شقیں فوری طور پر واپس لے لیں۔ کمیشن نے تمام پبلک اور پرائیویٹ جامعات کو ہدایت دی ہے کہ نئی گائیڈ لائنز پر فوری عمل درآمد کریں تاکہ داخلوں کا یکساں اور معیاری فریم ورک قائم ہو سکے۔