ایم کیو ایم کا متحدہ اپوزیشن کا ساتھ دینے کا با ضابطہ اعلان

ایم کیو ایم کا متحدہ اپوزیشن کا ساتھ دینے کا با ضابطہ اعلان
ایم کیو ایم نے متحدہ اپوزیشن کا ساتھ دینے کا اعلان کر دیا. ایم کیو ایم رہنماء خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ہمارے معاہدے کی ایک ایک شق پاکستان کے عوام کیلئے ہے، ہمارا ذاتی اور جماعتی کوئی بھی مفاد شامل نہیں،اپنے تمام سیاسی مفادات پر پاکستان کے مفادات کو ترجیح دی ہے. ان کا کہنا تھا کہ قومی قیادت کے امتحان کا مرحلہ ہے، مجھے امید ہے اس دفعہ دعووں اور وعدوں کے علاوہ چیزیں رکھیں، ہم نے اپوزیشن کے ساتھ چلنے کا فیصلہ کیا ہے، ہمارے معاہدے کی ہر شق عوام کے مفاد میں ہے ، سیاست کو دشمنی میں نہ بدلیں. اسلام آباد میں اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول کا کہنا تھا کہ آج تاریخی موقع پر جمع ہوئے ہیں، آج کا دن دعاؤں کا دن ہے، تاریخی موقعے پر ہم اپوزیشن کے شریک سفر ہوئے ہیں . اس موقع پر مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں آج اہم دن ہے، اپوزیشن کا متحدہ قومی جرگہ آج مل کر بیٹھا ہے، ایم کیو ایم کے دوستوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں،وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دوں گا کہ استعفی دے کر نئی روایت قائم کریں۔جمہور کا طریقہ یہی ہے وزیراعظم اب استعفیٰ دیں،عددی اکثریت کھونے کے بعد عمران خان کو استعفیٰ دینا چاہیے. اس موقع پر بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے کراچی کے مفاد اور مسائل کو دیکھتے ہوئے حکومت سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا، ایم کیوایم کا متحدہ اپوزیشن کا ساتھ دینے کا فیصلہ تاریخی فیصلہ ہے،پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم نے ہر حال ہر صورت میں مل کر کام کرنا ہے،پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم تعلق عدم اعتماد سے نہیں ہے،2018میں الیکشن کے نام پر جو الیکشن ہوئے وہ سلیکشن تھی،اس سلیکشن کا نقصان کراچی اور پورے ملک کی قوم اٹھا رہی ہے ،وزیراعظم کو چاہیے کہ اب وہ استعفیٰ دیں. مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بے توقیری کی سیاست نے معاشرے کی بنیادیں ہلا دیں، آج ہم جس یکجہتی کا مظاہرہ کررہے ہیں ملک کی ترقی کیلئے اس یکجہتی کی ضرورت ہوگی، سنا ہے کہ آج وہ قوم سے خطاب کریں گے، پلوں کے نیچے سے بہت سا پانی گزر چکا ہے، آپ میں کچھ بھی اخلاقیات باقی ہیں تو آج استعفیٰ دے دینا چاہیے۔ فضل الرحمان نے کہا کہ ڈرامے مت بناؤ کسی نے دھمکی نہیں دی آپ کی حثیت کیا ہے ؟ تم ہو کیا چیز اپنے آپ کو بڑا بنانے کیلئے ایسی باتیں کرتے ہو، عالمی ایجنڈے کو ہم نے ناکام بنانا ہے۔ بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے رہنما اختر مینگل نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کی نیک نیتی کی وجہ سے آج اس مقام پر پہنچے، ان کا اپنا ہی بیٹ ان کی وکٹ کو لگ چکا ہے، خان صاحب آپ کو کرکٹ کا تجربہ زیادہ ہوگا ہماری سیاست کا تجربہ زیادہ ہے، خان صاحب آپ سے درخواست ہے کہ مستعفی ہوجائیں ، جب آپ اکثریت کھو چکے ہیں تو مستعفی ہوجائیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔