کرتارپور صاحب میں ننگے سر فوٹو شوٹ کرنیوالی ماڈل کی معافی

کرتارپور صاحب میں ننگے سر فوٹو شوٹ کرنیوالی ماڈل کی معافی
کرتارپور: (ویب ڈیسک) کرتارپور صاحب کے احاطے میں ننگے سر فوٹو شوٹ کروانے والی ماڈل صالحہ امتیاز نے پوری سکھ قوم سے معافی مانگ لی ہے۔ ماڈل صالحہ امتیاز نے سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام پر جاری اپنے معافی نامے میں لکھا کہ میں نے جو فوٹو پوسٹ کی وہ کسی شوٹ کا حصہ بھی نہیں تھی۔ میں تو صرف سکھ برادری اور تاریخ کے بارے میں جاننے کیلئے کرتارپور گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی تصاویر کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کیلئے نہیں کھنچوائی تھیں۔ تاہم اگر اس وجہ سے کسی کی دل آزاری ہوئی اور کسی کو تکلیف پہنچی تو میں معافی چاہتی ہوں۔
انہوں نے لکھا کہ میں نے وہاں لوگوں کو تصویریں کھینچتے دیکھا اور خود بھی وہاں موجود سکھ برداری سے تعلق رکھنے والے افراد کی تصویریں کھینچیں۔ میں سکھ مذہب اور ان کے کلچر کا بہت احترام کرتی ہوں۔ میں تمام سکھ برادری سے معافی مانگتی ہوں۔ صالحہ امتیاز نے مزید کہا کہ یہ فوٹوز صرف یادگار کے طور پر کھینچی گئی تھیں، ان کا مقصد اس سے زیادہ کچھ نہیں تھا۔ میں آئندہ ہمیشہ ایسی چیزوں سے محتاط رہتے ہوئے ایسی حرکتوں سے پرہیز کروں گی۔ ماڈل نے مداحوں سے اپیل کی وہ اس پوسٹ کو زیادہ سے زیادہ شیئر کریں تاکہ سکھ برادری کو علم ہو سکے کہ میں نے کرتار پور میں فوٹو شوٹ جان بوجھ کر نہیں کیا تھا۔ خیال رہے کہ پاکستانی ماڈل صالحہ امتیاز کی کرتار پور صاحب میں فوٹوز سامنے آنے پر سکھ برادری نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔

Watch Live Public News