عمران خان اصلاحات کے نام پر دوستوں کو نوازنا چاہتے ہیں

عمران خان اصلاحات کے نام پر دوستوں کو نوازنا چاہتے ہیں
اسلام آباد ( ویب ڈیسک ) مسلم لیگ(ن) کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان اوورسیز پاکستانیوں کا نام لے کر صرف فیصل واؤڈا کا کیس ختم کرنا چاہتے ہیں، زلفی بخاری جیسوں کو ممبر بنانا چاہتے ہیں یعنی اپنے ان ساتھیوں کو جن کے مال میں انہوں نے حصہ بانٹا ہوا ہے ان کو صرف اوور سیز پاکستانیوں کے نام پر نوازنا چاہتے ہیں۔ ایک ٹی وی انٹرویو میں مسلم لیگ(ن) کے رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ اگر عمران خان اوورسیز پاکستانیوں کو ان کا حق دینے کیلئے سنجیدہ ہیں تو مسلم لیگ (ن) نے تو تجاویز اور بل تو پہلے سے ہی اسمبلی میں جمع کروایا ہوا ہے، ہم تو کہتے ہیں کہ نا صرف ان کو ووٹ کا حق ملنا چاہئے بلکہ ان کی مخصوص نشستوں کا کوٹہ بھی قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بھی رکھا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تو اوورسیز پاکستانیوں کو حق دینے کیلئے بل بھی جمع کروا چکے ہیں، ہم ان کو صرف ووٹ کا حق نہیں بلکہ چاہتے ہیں کہ ان کی سیٹیں قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بھی ہونی چاہئے، مگر آپ اوورسیز پاکستانیوں کے اس حق کو ای وی ایم مشین سے نہ جوڑیں، ای وی مشین ان لوگوں کے ذہن کی دریافت ہے جو دھاندلی سے ان سیٹوں پر آکر بیٹھے ہیں۔ طلال چوہدری نے کہا کہ ای وی مشین صرف دھاندلی کیلئے استعمال کرنا چاہتے ہیں کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ تھیلے اٹھائیں گے یا دھند کا استعمال کریں گے تو پھر پھنس جائیں گے اگر دھاندلی نہیں کریں گے تو پھر کنٹونمنٹ جیسے رزلٹ آئیں گے،یہ صحیح الیکشن افورڈ ہی نہیں کرتے، حکومت اپنی نیت درست کرے، پاکستان میں پہلے بھی بہت قانون ہیں ان پر عمل کریں۔

Watch Live Public News