ویب ڈیسک: سرگودھا میں تھانہ کوٹ مومن کے اے ایس آئی نے ساتھی سمیت میٹرک کی طالبہ کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بناڈالا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئےآئی جی پنجاب سےرپورٹ طلب کرلی۔
تفصیلا ت کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ سب انسپکٹر اور اس کے نجی گارڈ کے خلاف طالبہ سے زیادتی کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جس کے بعد پولیس نے سب انسپکٹر کو گرفتار کرکے معطل کردیا اور محکمانہ کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
پولیس کا بتانا ہے کہ مقدمے میں نامزد سب انسپکٹر کا نجی گارڈ تاحال فرار ہے جس کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔
پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی کی میڈیکل رپورٹ میں بھی زیادتی ثابت ہوگئی جب کہ ڈی پی او نے 2 رکنی تحقیقاتی کمیٹی بنا دی ہے۔
مقدمے کے متن مطابق کوٹ مومن پولیس نے کچھ روز قبل طالبہ کے والد کو ایک کیس میں گرفتار کیا۔ اے ایس آئی نے تھانے میں طالبہ کا نمبر لیا اور رابطہ رکھا۔ ہفتے کے روز اے ایس آئی کے ساتھی نے کیس کے سلسلے میں بلایا اور مین روڈ سے زبردستی گاڑی میں بٹھا کرمعظم آباد روڈ پر گھر میں لےجاکر زیادتی کا نشانہ بناڈالا۔
مقدمے کے متن کے مطابق کچھ دیر بعد اے ایس آئی بھی وہاں پہنچا اور اس نے بھی طالبہ سے زیادتی کی۔ زیادتی کے بعد ملزمان طالبہ کو رات گئے کزن کے گھر کے باہر چھوڑ کر فرار ہوگئے۔تھانہ کوٹ مومن پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ مریم نواز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔