اسلام آباد: ایف بی آر کی جانب سیلاب زدگان کیلئے سامان کی درآمد اور فراہمی پر ٹیکس اور ڈیوٹیز سے استثنٰی کے لیے پانچ ایس آر اوز جاری کردئیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی شدید تباہی کے باعث متاثرہ لوگوں کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے وزیر اعظم پاکستان نے فوری امدادی اقدامات کا حکم دیا ہے تاکہ سیلاب زدہ علاقوں میں لوگوں کو امدادی سامان کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ امدادی سامان کی خریداری میں تمام ٹیکسز اور ڈیوٹیز کے خاتمے سے متاثرہ افراد کو درپیش مشکلات کو کم میں مدد ملے گی اور ٹیکس و ڈیوٹی چھوٹ کے سبب وسائل کا زیادہ سے زیادہ استعمال متاثرین کی بحالی کے لئے ہو سکے گا۔ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق اور وفاقی حکومت کی ہدایت پر ایف بی آر نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے لیے درکار سامان کی درآمد پر تمام ڈیوٹیز اور ٹیکسز سے استثنیٰ دے دیا ہے۔ ایسی درآمدات پر این ڈی ایم اے یا پی ڈی ایم اے کی طرف سے تصدیق کے بعد ڈیوٹی اور ٹیکس سے مکمل چھوٹ ہوگی۔ غیر ملکی حکومتوں یا بین الاقوامی تنظیموں اور ڈونرز کی طرف سے عطیہ کے طور پر بھیجے جانے والے سامان پر کسٹم ڈیوٹی اور ٹیکس سے مکمل استثنیٰ دے دیا گیاہے۔