(ویب ڈیسک ) توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی ، بشرا بی بی کو 14،14 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ کیس کی سماعت کی۔ جج محمد بشیر نے توشہ خانہ کیس کا فیصلہ سنایا۔ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت کی جانب سے توشہ خانہ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو سزا سنا دی گئی، عدالت نے بشری بی بی اور بانی پی ٹی آئی کو 14، 14 سال قید بامشقت کی سزا سنا ئی۔
احتساب عدالت کی جانب سے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو کسی بھی عوامی عہدے کے لیے 10 سال کے لیے نااہل کر دیا گیا، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 1573 ملین روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
بانی پی ٹی آئی کو توشہ خانہ کیس میں اختیارات سے تجاوز کا مرتکب قرار دیا گیا ہے، بانی پی ٹی آئی پر اختیار سے تجاوز اور مالی فائدہ حاصل کرنے کا جرم بھی ثابت ہوگیا ا س کے علاوہ بانی پی ٹی آئی کو قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا جرم بھی ثابت ہوگیا ہے۔
دوران سماعت جج محمد بشیر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت بلائیں، جیل حکام نے بانی پی ٹی آئی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا۔
جج صاحب نے کہا کہ خان صاحب آپ نے 342 کا بیان تیار کیا ہے،جس پر بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ جی میں نے تیار کیا ہے میرے وکلاء کو آنے دیں بشریٰ بی بی کو آنے دیں میں اپنا بیان جمع کرادونگا،اس پر احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ آپ اپنا بیان عدالت میں جمع کرائیں ہم نے کاروائی آگے بڑھانی ہے۔
سابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ آپ کو اتنی جلدی کیا ہے اسلام آباد ہائی کورٹ نے ہماری حکم امتناع کی درخواست خارج کردی ہے، مجھے تو اسسٹنٹ سپرٹینڈنٹ نے حاضری لگوانے کیلئے عدالت بلایا۔
بانی پی ٹی آئی یہ کہہ کر کمرہ عدالت سے اپنی بیرک روانہ ہوگئے۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو دوبارہ کمرہ عدالت بلانے کیلئے پیغام بھیجا۔اسسٹنٹ سپرٹینڈنٹ جیل کا عدالت میں بیان دیا کہ بانی پی ٹی آئی کمرہ عدالت آنے کیلئے تیار نہیں۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کا نام پکارنے کی ہدایت کردی۔ عدالتی اہلکار نے اونچی آواز میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کا نام پکارا۔
بعد ازاں جج محمد بشیر نے توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ سنانا شروع کیا۔ جج محمد بشیر نے مختصر فیصلے میں کہا بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو چودہ چودہ سال قید بامشقت کی سزا سنائی جاتی ہے، ملزمان کو 1573 ملین روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی، بانی پی ٹی آئی کو دس سال کیلئے نا اہلی کی سزا بھی سنا دی گئی۔
مختصر فیصلہ سنانے کے بعد جج محمد بشیر کمرہ عدالت سے روانہ ہوگئے۔
خیال رہے کہ نیب نے مئی 2023 میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ کیس کی تحقیقات شروع کیں جکبہ دسمبر 2023ء کو بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا گیا۔
عدالت کی جانب سے 9 جنوری کو بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر توشہ خانہ ریفرنس کی فردجرم عائد کی گئی۔