اسلام آباد (پبلک نیوز) وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ اعداد وشمار کے ہیر پھیر کے ماہر اور آئی ایم ایف کو جعلی اعداد وشمار دینے والے مفرور ہیں، موڈیز نے پاکستان کی جی ڈی پی گروتھ کا تخمینہ 4.4 فیصد لگایا ہے۔معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے ایک بیان میں کہا کہ نااہل درباری منافقت کا چشمہ اتاریں تاکہ معاشی ترقی دیکھ سکیں، ن لیگ نے ملک کو تاریخی 19.2 ارب ڈالرز کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ دیا، وزیراعظم اور معاشی ٹیم کی محنت کی وجہ سے آج کرنٹ اکاؤنٹ 773 ملین ڈالرز سرپلس ہے، نااہل ن لیگ نے 5 سالہ دور حکومت میں اپنی نالائقی کی بدولت ایکسپورٹ کا جنازہ نکالا۔انہوں نے کہا کہ صنعتوں کی بحالی کی وجہ سے ایکسپورٹ 13.5 فیصد اضافہ کے بعد 21 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی ہیں، نااہل لیگ نے زرمبادلہ کے ذخائر 7 ارب ڈالرز چھوڑے، آج ملک کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 23 ارب ڈالرز تک پہنچ گئے ہیں، بیرون ملک پاکستانیوں کے اعتماد کی بدولت ترسیلات زر 24.2 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی ہیں۔