عمران خان نے الیکشن کی تیاریوں کی ہدایت کردی

عمران خان نے الیکشن کی تیاریوں کی ہدایت کردی
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنی پارٹی کو آئندہ الیکشن کی تیاریوں کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی معاشی حالات کے پیش نظر جلد انتخابات ہو سکتے ہیں، اس لئے ابھی سے اس کی بھرپور تیاریاں شروع کر دی جائیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان نے یہ ہدایت گذشتہ روز لاہور میں ہونے والے پی ٹی آئی کے ایک اہم اجلاس میں پارٹی رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سمیت اراکین اسمبلی اور اہم رہنما شریک ہوئے۔ عمران خان نے صوبائی کابینہ کیلئے ناموں پر مشاورت کرتے ہوئے اہم ذمہ داریاں ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو سونپیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم کی توقعات اب بھی پی ٹی آئی سے ہی وابستہ ہیں۔ ملک میں معاشی اور سیاسی استحکام جلد از جلد الیکشن سے ہی ممکن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں پیسہ بنانے کیلئے آنے والوں کے بارے میں عوام اب بیدار ہو چکی ہے۔ ہمارے بچوں تک کا شعور بیدار ہو چکا ہے۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے رہنماوں کو ہدایت کی کہ معاشی حالات کےپیش نظر انتخابات بہت جلد ہو سکتے ہیں۔ پارٹی کی تنظیم سازی کو مزید مضبوط کیا جائے جبکہ اراکین فوری الیکشن کی تیاریاں شروع کر دیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے ملاقات میں پنجاب کے انتظامی معاملات، سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ہدایت کی کہ وہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے تمام تر کاوشیں بروئے کار لائیں۔ ملاقات میں صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔