ویب ڈیسک: لاہور میں شدید بارش کے بعد کمشنر لاہور کیجانب سے رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں شدید بارش سے 44 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ جس سے جل تھل ایک ہوگیا۔ شدید بارش کے بعد سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔ جس کے بعد کمشنر لاہور کی جانب سے رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
انتظامیہ کی جانب سے لاہور کے دفاتر اور اسکولوں کے سمر کیمپس میں چھٹی کا اعلان کردیا گیا ہے۔
کمشنر لاہور زید بن مقصود نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بارش کے باعث نقصان سے بچنے کیلئے دفاتر اور اسکولوں کو بند کردیا گیا ہے۔ کمشنر لاہور نے شہریوں کو بھی بارش کے دوران غیرضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
کمشنر لاہور نے واسا ہیڈآفس کا بھی دورہ کیا۔ ایم ڈی واسا غفران احمد نے نکاسی آب کے آپریشن پر بریفنگ دی۔
ترجمان کمشنر لاہور کی تردید:
لاہور میں رین ایمرجنسی کے حوالے سے ترجمان کمشنر لاہور کی تردید منظر عام پر آگئی ہے۔
ترجمان نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ لاہور میں کوئی رین ایمرجنسی نافذ نہیں کی گئی۔ تاہم ترجمان کا کہنا تھا کہ شہریوں سے غیر ضروری سفر کرنے سے اجتناب برتنے کی اپیل ضرور کی گئی ہے۔
ترجمان نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ دفاتر و سکولز سے چھٹی والی غیر مستند ذرائع سے چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔