فیصل آباد (پبلک نیوز) غلام آباد جٹاں والا چوک کے علاقہ میں بچوں کے درمیان ہونے والا جھگڑا سنگین صورتحال اختیار کر گیا۔ بچوں کی معمولی لڑائی میں چوتھی جماعت کا طالب علم جاں بحق ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق کمسن ملزمان اور والد سمیت پانچ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے 2 کمسن ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ آیان کی نعش پوسٹ مارٹم کے لیے الائیڈ ہسپتال منتقل کر دی گئی۔ مقتول کے بھائی کا کہنا ہے کہ سات سالہ علی حسنین اور آٹھ سالہ آیان میں جھگڑا ہوا۔ علی حسنین اور اس کے بڑے بھائی نے آیان پر اینٹوں سے تشدد کیا۔ دونوں بھائیوں نے تشدد کر کے میرے چوتھی جماعت میں پڑھنے والے بھائی کو قتل کر دیا۔