سابق وزیر اعلی پنجاب پرویز الہیٰ گرفتار

سابق وزیر اعلی پنجاب پرویز الہیٰ گرفتار
لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے صدر چودھری پرویز الہیٰ کو گرفتار کرلیا گیا ۔ تفیلات کے مطابق صدر پی ٹی آئی چودھری پرویز الہیٰ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ چوہدری پرویزالہی،مونس الہی، محمد خان بھٹی اور زبیر خان کے خلاف 11 اپریل کو اینٹی کرپشن پنجاب نے مقدمہ درج کیا تھا.اینٹی کرپشن پنجاب کے مطابق پرویز الہی اینڈ کمپنی نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ذریعے ایک غیرملکی کمپنی کی واجب الادا رقم 2 ارب90کروڑ کی ادائیگی کے عوض ساڑھے بارہ کروڑ روپے رشوت وصول کی، چوہدری پرویز الہی کے خلاف مقدمہ ٹھوس شواہد کی بنا پر درج کیا گیا. اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی، مونس الہی اور محمد خان بھٹی کی ڈیل مونس الہی کے دوست زبیر خان نے کروائی، غیرملکی کمپنی کی واجب الادارقم کے عوض چوہدری پرویز الہی نے ساڑھے چھ کروڑ روپے وصول کئے، مونس الہی اور محمد خان بھٹی نے پانچ کروڑ جبکہ زبیر خان نے پچاس لاکھ روپے لئے، ملزمان پرویزالہی، مونس الہی، محمد خان بھٹی اور زبیر خان نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے سابق سی ای او نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی علی عنان قمر پر دباؤ ڈال کر 2 ارب 90کروڑ روپے کی فوری ادائیگی کروائی. خیال رہے کہ ا س سے قبل گوجرانوالہ کی اینٹی کرپشن عدالت نے سابق وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہیٰ کی عبوری ضمانت خارج کر دی تھی۔ گوجرانوالہ کی اینٹی کرپشن عدالت میں دو مقدمات کی الگ الگ سماعت ہوئی۔ تاہم سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ پیش نہ ہوئے ۔ عدالت کی جانب سے عدم حاضری پر عبوری ضمانت خارج کر دی گئی۔ خیال رہے کہ سابق وزیرا علی چودھری پرویز الہیٰ نے دونوں مقدمات میں عبوری ضمانت کروا رکھی تھی ۔ چودھری پرویز الہی کے خلاف ترقیاتی اسکیموں میں کِک بیکس لینے کے مقدمات درج ہیں۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔