(ویب ڈیسک ) فیصل آباد میں منچلوں کی جانب سے خودساختہ بسنت پر پتنگ بازی کا سلسلہ جاری ہے۔ اس دوران گلے پر ڈور پھرنے سے کئی افراد زخمی ہوئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقہ ڈجکوٹ روڈ پر گلے پر ڈور پھرنے سے نوجوان زخمی ہوگیا، محمد شاہد کو زخمی حالت میں الائیڈ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ سرسید ٹاؤن کا رہائشی محمد شاہد موٹرسائیکل پر جا رہا تھا گلے پر ڈور پھر گئی تاہم اسکی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
منچلوں کی جانب سے خودساختہ بسنت پر پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے، تھانہ فیکٹری ایریا اور غلام محمد آباد کے علاقوں میں ڈور پھرنے اور گولی لگنے سے دو افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
مدینہ ٹاون کے علاقہ میں پتنگ لوٹتے ہوئے زخمی ہونیوالا بچہ جاں بحق ہوگیا، وائے بلاک کا رہائشی 12 سالہ موسیٰ پتنگ لوٹتے رکشہ سے ٹکرا گیا تھا،جسے طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ راستے میں دم توڑ گیا۔