صدرمملکت اور وزیراعظم کا یوم مزدور پر محنت کشوں کو خراج تحسین

صدرمملکت اور وزیراعظم کا یوم مزدور پر محنت کشوں کو خراج تحسین
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے مزدوروں کے عالمی دن پر خصوصی پیغام جاری کیا گیا ہے۔ یوم مزدور کے موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن محنت کے تقدس اور وقار کی علامت ہے، آج کے دن پوری قوم محنت کش طبقے کو شاندار خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قوم ملک کی ترقی میں مزدوروں کے کردار اور معاونت کو سراہتی ہے جب کہ اسلام سماجی انصاف مساوات اور انسانی حقوق کے احترام کے اصولوں پر زور دیتا ہے، اسلام نے عالمی لیبر قوانین سے بہت پہلے ہی مزدوروں کے حقوق سے متعلق رہنما اصول طے کر دیئے تھے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مزدور اور آجر پیداواری عمل میں شراکت دار ہیں، موجودہ حکومت محنت کشوں کے کام کرنے اور زندگی گزارنے کے حالات کو بہتر بنانے کیلئے پر عزم ہے، حکومت نے مزدوروں کی کم ازکم اجرت 17500 روپے ماہانہ سے بڑھا کر 25000 روپے کر دی ہے۔ دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم مئی پر مزدوروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، معاشی خوشحالی میں اپنا حصہ ڈالنے کے باوجود محنت کشوں کو متعدد مسائل کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مزدور کو غیر محفوظ ماحول ، مزدوری کے غیر منصفانہ طریقے اور کم اجرت جیسے مسائل کا سامنا ہے، عدم تحفظ، کام کی جگہ پر خواتین کو ہراسگی جیسے مسائل بھی درپیش ہیں ۔ عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس بہت بڑی لیبر فورس اور نوجوانوں کی تعداد ہے، وفاقی، صوبائی حکومتیں مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات اور ہنر فراہم کرنے کی کوششیں جاری رکھیں ۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔