اسلام آباد: حکومت کی جانب سے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو پاکستان چھوڑنے کی مہلت آج ختم ہو گئی، جس کے بعد تمام غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز ہوگیا۔ پاکستان میں غیر قانونی موجود غیر ملکیوں کیخلاف گرینڈ آپریشن کی تیاریاں اور انخلا کے انتظامات مکمل ہوگئے ، اب تک ایک لاکھ 4 ہزار 481 افغان پناہ گزین واپس جا چکے ہیں۔ وزارت داخلہ کی جانب سے صوبوں کو غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی بے دخلی کا حکم جاری کردیا گیا ہے ، معمولی جرائم میں زیر تفتیش اور سزا یافتہ غیرقانونی مقیم غیر ملکیوں کو بے دخل کردیا جائے گا۔ حکم کے مطابق کوئی پاکستانی غیرقانونی تارکین وطن کو پناہ دینے میں ملوث ہوا تو قانونی کارروائی ہوگی، بے دخلی کے منصوبے کا اطلاق پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکیوں پر ہو گا، منصوبے کے اطلاق میں کسی بھی ملک یا شہریت کو ملحوظ خاطر نہیں رکھا جائے گا۔ سکیورٹی فورسز نے میپنگ اور جیو فینسنگ کرکے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی نشاندہی کا عمل مکمل کرلیا ہے سندھ میں مقیم 2 لاکھ غیر قانونی تارکین وطن کی نشاندہی کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے، اسی طرح خیبرپختونخوا میں مقیم 3 لاکھ غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں میں سے رضاکارانہ طور پر واپس نہ جانے والوں کو ہولڈنگ سنٹروں میں منقتل کیا جائیگا۔ پنجاب اور بلوچستان میں بھی غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی بے دخلی کیلئے آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے اور ان کا ڈیٹا سکیننگ سے چیک کیا جا رہا ہے۔ مہلت ختم ہونے کے بعد ملک کے مختلف شہروں سے غیر قانونی تارکین وطن کو حراست میں لے گیا ہے جبکہ مزید آپریشن جاری ہے ۔ ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس کی بھاری نفری نے کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ الا آصف سکوائر کے اطراف میں آپریشن کیا ، آپریشن کےدوران غیرقانونی طورپرمقیم افرادکی آخری وارننگ ختم ، ایس ایس پی ایسٹ کاکہنا ہے کہ جو بھی غیرقانونی طورپرمقیم شخص ہوگااسکوگرفتار کرکےہولڈنگ پوائنٹس پرپہنچایاجائیگا ۔ اس سے قبل پولیس کاکہنا تھا کہ رضاکارانہ طورپر جانےوالے افراد پولیس اورحکومتی اداروں سےرابطہ کرکےرجسٹریشن کرواسکتے ہیں ، واپس جانے والےغیرقانونی تارکین وطن کو ٹرانسپورٹ فراہم کی جائے گی اور ہولڈنگ سینٹرز میں مکمل معاونت بھی کی جائے گی ۔ پولیس نے صدر کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 4 تارکین وطن کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا، پولیس کے مطابق چاروں افراد کا تعلق افغانستان سے ہے جو غیر قانونی طریقے سے شہر میں رہ رہے تھے۔ کیماڑی،ایسٹ،ویسٹ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 30غیرقانونی تارکین وطن کو حراست میں لے لیا، زیرحراست افراد کو متعلقہ تھانےمیں تحقیقات کےبعد ہولڈنگ کیمپ روانہ کیاجائےگا۔