پہلی پاکستانی خاتون خلاباز نمیرا سلیم خلائی سفر کیلئے امریکا پہنچ گئیں

پہلی پاکستانی خاتون خلاباز نمیرا سلیم خلائی سفر کیلئے امریکا پہنچ گئیں
پاکستان ، جنوبی ایشیا اور کامن ویلتھ کی پہلی خلا باز خاتون نمیرا سلیم ورجن گیلیکٹک کمرشل سپیس لائنر سے خلا میں سفر کیلئےامریکا پہنچ گئیں۔ پاکستان کی پہلی خاتون خلا باز نمیرا سلیم کراچی سے امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس پہنچیں جہاں سے وہ 5 اکتوبر کو خلا کا سفر کریں گی۔اس موقع پر نمیرا سلیم کاکہناتھا کہ میں بہت مشکور ہوں کہ مجھے میرے ملک نے اتنا سپورٹ کیا، بہت فخر سے پاکستان کا پرچم خلا میں لے کر جاؤں گی۔ یلیکٹک کمرشل سپیس لائنر کا گلیکٹک 04 نامی مشن 5 اکتوبر کو نیو میکسیکو کے اسپیس پورٹ امریکا سے روانہ ہوگا۔ دبئی میں مقیم نمیرا سلیم پہلی پاکستانی خاتون ہیں جو 2007 میں قطب شمالی اور 2008 میں قطب جنوبی پر بھی پاکستانی پرچم لہرا چکی ہیں۔ یاد رہے کہ ورجین گلیکٹک نے جون 2023 کے آخر میں پہلی کمرشل پرواز خلا تک لے جانے میں کامیابی حاصل کی تھی، مگر اس پرواز میں عام سیاحوں کے بجائے اٹلی سے تعلق رکھنے والے ماہرین کو خلا میں لے جایا گیا تھا۔ بعد ازاں اگست اور ستمبر میں اس کمپنی نے سیاحوں کیلئے پہلی خلائی پرواز کو خلا میں روانہ کیا تھا، اس کمپنی کے آئندہ مشن میں نمیرا سلیم بھی موجود ہوں گی۔ اس مشن پر نمیرا سلیم سمیت 3 سیاح سفر کریں گے جو کمپنی کے وی ایس ایس یونٹی سپیس کرافٹ کے کیبن میں موجود ہوں گے ۔ نمیرا سلیم اس امریکی کمپنی کی خلائی سیاحت کیلئے ٹکٹ خریدنے والے 100 اولین افراد میں شامل ہیں ، انہوں نے 2006 میں ہی اس سفر کیلئے ٹکٹ بک کروالی تھی اور اب جا کر انہیں خلا میں جانے کا موقع مل رہا ہے۔ واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے 2006 میں نمیرا سلیم کو پہلی پاکستانی خلا باز قرار دیا تھا اور 2011 میں انہیں تمغہ امتیاز سے نوازا گیا تھا۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔