کابل ائیرپورٹ بند؛ہزاروں افغان شہری طورخم بارڈر پہنچ گئے

کابل ائیرپورٹ بند؛ہزاروں افغان شہری طورخم بارڈر پہنچ گئے

کابل(ویب‌ڈیسک) برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کابل ایئرپورٹ پر طالبان کے قبضے کے بعد ہزاروں افغان شہریوں نے دوسرے ملکوں کے ساتھ موجود بارڈر کراسنگز کا رخ کر لیا ہے.

خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان چھوڑنے کے خواہشمند شہریوں نے پاکستان کے ساتھ موجود بارڈرز کا رخ کر لیا ہے، جبکہ ہزاروں افغان شہریوں نے ایران کے ساتھ موجود اسلام قلعہ بارڈر کا بھی رخ کر لیا ہے. افغان شہری طور خم بارڈر کا گیٹ کھلنے کا انتظار کر رہے ہیں. یاد رہے کہ افغانستان کی طرف کابل ایئر پورٹ پر بھی طالبان نے کنٹرول حاصل کر لیا ہے ایسے میں افغان شہری ان ممالک کا رخ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جن کے ساتھ افغانستان کی زمینی سرحدیں ملتی ہیں.

پاکستانی حکام کے مطابق اہم سرحدی گزرگاہ طورخم پر لوگوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے جو گیٹ کے کھولے جانے کا انتظار کر رہے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق ہزاروں افراد ایران کی سرحد پر اسلام قلعہ چوکی پر بھی جمع ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ طالبان کی جانب سے کابل پر قبضے کے بعد امریکا اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے 123،000 سے زائد افراد کو نکالا جا چکا ہے تاہم ہزاروں افغان شہری اب بھی ملک سے نکلنے کے خواہش مند ہیں۔

دوسری جانب طور خم بارڈر پر بہت زیادہ رش ہونے کی وجہ کسٹم کلیئرنس اور سرحدی آمد ورفت میں سست روی دیکھنے میں آئی ہے، جس پر تاجروں کی جانب سے احتجاج بھی کیا گیا ہے.

Watch Live Public News

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔