پبلک نیوز ہیڈلائنز، رات 12 بجے،2ستمبر 2021

پبلک نیوز ہیڈلائنز، رات 12 بجے،2ستمبر 2021
مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کشمیر کی ایک انتہائی توانا آواز بابائے حریت سید علی گیلانی آج سرینگر میں داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج اور پولیس نے ان کے گھر کو جانے والے تمام راستے بند کر دئے ہیں اور ان کے جسد خاکی کو تحویل میں لے لیا ہے۔جبکہ سرینگر شہرسمیت تمام علاقوں میں کرفیونافذ کر دیا گیا ہے۔ وزیرا عظم پاکستان عمران خان نے سینئر حریت رہنما کی وفات پر ایک روزہ سوگ اور قومی پرچم سرنگوں رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سید علی گیلانی کی وفات سے کشمیر ایک عظیم رہنماء سے محروم ہو گیا۔ عمر بھر بھارتی سامراجیت کے خلاف ڈٹے رہے۔ وہ ایک باہمت، نڈر اور مخلص رہنماء تھے۔ حریت رہنما عبدالحمید لون کا کہنا ہے کہ بھارتی قابض انتظامیہ نے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ کردیا ہے۔ سید علی شاہ گیلانی صاحب کے گھر کو محاصرے میں لیا گیا ہے۔ بھارتی قابض افواج سید علی شاہ گیلانی کے رشتہ داروں کی پکڑ دھکڑ کے لئے تلاشی اور چھاپے مار رہی ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کے انتقال پر اظہار افسوس، ان کا کہنا ہے کہ سید علی گیلانی کشمیر میں آزادی کی تحریک کا دوسرا نام تھے۔ ان کی زندگی جہدِ مسلسل کا ایک استعارہ تھی۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔