ویب ڈیسک: پاکستانی ٹک ٹاکر کامران عرف شیرا خطرناک سڑک حادثے میں جان کی بازی ہار گیا۔
تفصیلات کے مطابق ٹک ٹاکر کامران عرف شیرا جہلم کے مشہور 'شاندار موبائل' سے بطور سیکیورٹی گارڈ وابستہ تھے جو کہ ایک خوفناک سڑک حادثے کے بعد گزشتہ روز دم توڑ گئے۔
ٹک ٹاکر کے موت کی تصدیق انکے بھائی کی جانب سے کی گئی ہے۔ بیان کے مطابق شیرا کا تعلق سرائے عالمگیر سے تھا جو جہلم کے قریب پیش آنے والے سڑک حادثے کے بعد کچھ دن تک کوما میں رہے اور گزشتہ شب چل بسے۔
شیرا کے بھائی عثمان بشیر نے بتایا کہ کامران کی نماز جنازہ بعد نماز عصر ضلع گجرات کے علاقے سرائے عالمگیر کے علاقے نوتھیا قریشیاں میں ادا کی جائے گی۔
واضح رہے کہ شیرا کے نام سے مشہور سیکیورٹی گارڈ کامران کو ٹک ٹاک پر لاکھوں مداح پسند کرتے تھے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر متعدد ٹرینڈز متعارف کرائے جبکہ وہ اس وقت ڈیرہ ریسٹورنٹ میں سیکیورٹی انچارج کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
علاوہ ازیں شیرا اس سے قبل جہلم میں شاندار موبائل میں سیکیورٹی گارڈ کے عہدے پر فائز تھے۔
دوسری جانب ٹک ٹاک صارفین ٹک ٹوکر کی المناک موت پر غمزدہ ہیں اور سوشل میڈیا پر شیرا کے لواحقین سے اظہار تعزیت بھی کرتے نظر آرہے ہیں۔