اسلام آباد ( پبلک نیوز) ترجمان تحریک طالبان افغانستان ذبیح اللہ مجاہد اگر امریکہ نے حملہ کیا تو ہم اسے جواب دینگے اور ذمہ داری امریکہ پر ہو گی۔ افغان سرزمین پر امریکہ کا دوست ہمارا دشمن ہو گا۔ کشمیر پر بھارتی قبضے کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ پبلک نیوز کے پروگرام ڈائیلاگ ود عدنان حیدر میں اپنے خصوصی انٹرویو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان کا افغانستان کے خلاف ہوائی اڈے نہ دینے کے فیصلہ کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں۔ افغان سکیورٹی فورسز خود ہتھیار پھینک کر مجاہدین کا حصہ بن رہی ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ اگر اشرف غنی مذاکرات پر نہ آئے تو ہم طاقت کے ذریعہ کابل پر کنٹرول حاصل کر لیں گے۔ افغانستان میں موجودہ جمہوری حکومت قبول نہیں۔ خواتین کا کردار دائرہ اسلام سے باہر قبول نہیں۔ افغانستان کا مستقبل صرف شرعی طرز حکومت میں ہے۔ ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ طالبان ٹی ٹی پی سمیت دیگر پاکستان دشمن تنظیموں کے خلاف کارروائی کریں گے۔ اگر امریکہ نے کسی طرح کا حملہ کیا تو مجاہدین بھرپور جواب دیں گے۔ خواتین کو مردوں کے ساتھ کام کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ترجمان تحریک طالبان افغانستان نے یہ بھی کہا کہ افغانستان میں امن کی کوششوں کے لیے پاکستان کا کردار قابل تعریف ہے۔ حکومت بنانے کے بعد ہم افغان انٹیلی جنس این ڈی ایس کو ختم کر کے اپنا ادارہ بنائیں گے۔