کراچی ( پبلک نیوز) پی سی بی نے مینز سینٹرل کنٹریکٹ برائے 22-2021 کا اعلان کردیا ہے۔ کنٹریکٹ میں تین مختلف کٹیگریز اور ایمرجنگ کرکٹرز کو شامل کیا گیا ہے۔ کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کی ماہوار آمدنی میں 25 فیصد اضافہ اور تمام کٹیگریز کے لیے یکساں میچ فیس مقرر کر دی گئی۔ بابر اعظم، حسن علی، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی کٹیگری اے میں شامل ہیں۔ اظہر علی، فہیم اشرف، فخر زمان، فواد عالم، شاداب خان اور یاسر شاہ کٹیگری بی میں شامل ہیں۔ عابد علی، امام الحق، حارث رؤف، محمد حسنین، محمد نواز، نعمان علی اور سرفراز احمد کٹیگری سی میں شامل ہیں۔ عمران بٹ، شاہنواز دہانی اور عثمان قادر ایمرجنگ کٹیگری میں شامل ہیں۔ کٹیگری اے کے ماہوار وظیفے میں 25 فیصد اضافہ کیا گیا۔ کٹیگری بی کے ماہوار وظیفے میں بھی 25 فیصد اضافہ کردیا گیا۔ کٹیگری بی میں شامل کھلاڑیوں کے لیے ٹیسٹ کی میچ فیس میں 15 فیصد، ون ڈے انٹرنیشنل کی میچ فیس میں 20 فیصد اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کی میچ فیس میں 25 فیصد اضافہ کیا گیا۔ کٹیگری سی کے ماہوار وظیفے میں 25 فیصد اضافہ کردیا گیا۔ اس کٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کی ٹیسٹ کی میچ فیس میں 34 فیصد، ون ڈے انٹرنیشنل کی میچ فیس میں 50 فیصد اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کی میچ فیس میں 67 فیصد اضافہ کیا گیا۔ ایمرجنگ کٹیگری کے ماہوار وظیفے میں 15 فیصد اضافہ کردیا گیا۔ اس کٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کی ٹیسٹ کی میچ فیس میں 34 فیصد، ون ڈے انٹرنیشنل کی میچ فیس میں 50 فیصد اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کی میچ فیس میں 67 فیصد اضافہ کیا گیا۔