محکمہ موسمیات کی ملک بھر میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی، متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

محکمہ موسمیات کی ملک بھر میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی، متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت
اسلام آباد: 3 جولائی سے 8 جولائی ملک بھر میں مون سون بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہورہی ہیں، 3 جولائی سے 8 جولائی کے دوران اسلام آباد ،راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک ،چکوال ،جہلم سمیت پنجاب میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔ آزاد کشمیر گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں بیشتر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی،اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی بھی توقع ہے ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 5 سے 8 جولائی کے دوران بارکھان ،سبی، لورالائی، قلات ،خضدار ،ژوب ،لسبیلہ، نصیر آباد، آواران میں تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے، ڈی آئی خان ،بنوں ،کرک ،وزیرستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بھکر، لیہ، کوٹ ادو، بہاولپور، بہاولنگر، راجن پور، ملتان، ساہیوال ،اوکاڑہ میں تیز ہوائیں اور بارش متوقع ہے۔ 7 اور 8 جولائی کو سکھر، جیکب آباد، گھوٹکی، شہید بینظیر آباد، میٹھی چھور پڈعیدن ،نگر پارکر ،میرپور خاص، ٹھٹھہ، بدین اور کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسلادھار بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے،آزاد کشمیر، گلگت بلتستان ،گلیات ،خیبرپختونخوا میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے، ڈی جی خان اور شمال مشرقی بلوچستان میں سیلابی صورتحال کا اندیشہ ہے۔اس کے علاوہ موسلادھار بارشوں کے باعث کمزور انفراسٹرکچر اور سولر پینل کو نقصان پہنچنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔