ڈی آئی خان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی،3 دہشتگرد جہنم واصل

ڈی آئی خان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی،3 دہشتگرد جہنم واصل
راولپنڈی : ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں تین دہشت گرد ہلاک ہوگئے، مارے گئے دہشت گرد سیکورٹی فورسز، پولیس اور معصوم شہریوں کے خلاف مختلف کارروائیوں میں ملوث تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا، اس دوران سکیورٹی فورسز اور امن دشمنوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران تین دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے جبکہ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بھی برآمد ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گرد سیکورٹی فورسز، پولیس اور معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں سرگرم رہے۔ ہلاک دہشت گردوں 11 اپریل 2022 ءکو کلاچی میں پولیس ٹیم پر حملہ کر دیا تھا جس کے نتیجے میں پانچ پولیس اہلکاروں کی شہادت ہوئی تھی۔ ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ علاقے میں موجود دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔