ویب ڈیسک: امریکی میوزک بینڈ ’لیڈی اے‘ کے گلوکار چارلس کیلی نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں خون کے کینسر ملٹی پل مائیلوما کی تشخیص ہوئی ہے۔
45 سالہ گلوکار نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں بتایا کہ پسلی میں اچانک فریکچر کے بعد ڈاکٹروں نے ان کے مختلف خون کے ٹیسٹ کیے، جن میں بیماری کی تشخیص ہوئی۔
چارلس کیلی کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت خود کو صحت مند محسوس کر رہے ہیں اور علاج کے حوالے سے پُرامید ہیں۔
ملٹی پل مائیلوما خون کا ایک سرطان ہے جو ہڈیوں کے گودے میں موجود پلازما خلیوں کو متاثر کرتا ہے۔ اس بیماری کے باعث ہڈیوں کی کمزوری، درد اور فریکچر کے علاوہ خون کی کمی اور دیگر پیچیدگیاں پیدا ہوسکتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق ملٹی پل مائیلوما کا فی الحال حتمی علاج موجود نہیں، تاہم جدید طریقۂ علاج سے بیماری کو قابو میں رکھنے اور مریضوں کی زندگی بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔ علاج میں مریض کی حالت کے مطابق مختلف ادویات، کیموتھراپی، مدافعتی نظام پر مبنی علاج اور خلیاتی پیوند کاری شامل ہوسکتی ہے۔