ویب ڈیسک: بھارتی ریاست اتر پردیش میں ہریانوی گلوکار اور یوٹیوبر انکت بالیان کو جم سے باہر نکلتے ہوئے نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ بدھ کی شام کوتوالی تھانے کی حدود میں پیش آیا، جہاں 2 موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح حملہ آوروں نے انکت بالیان پر متعدد گولیاں چلائیں۔ فائرنگ کے نتیجے میں گلوکار موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ رپورٹس کے مطابق حملہ آوروں نے انکت بالیان پر 18 گولیاں چلائیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردی گئی ہے، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ پولیس علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کرکے حملہ آوروں کی شناخت کی کوشش کر رہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انکت بالیان کے یوٹیوب چینل کے 3 لاکھ 66 ہزار سے زائد سبسکرائبرز تھے۔ وہ اپنی ویڈیوز میں متعدد معروف گلوکاروں، فنکاروں اور پرفارمرز کے ساتھ نظر آتے تھے۔
رپورٹس کے مطابق انکت بالیان کی بعض ویڈیوز میں اسلحہ، فائرنگ اور مہنگی گاڑیاں بھی دکھائی گئی تھیں۔
بھارتی میڈیا میں یہ قیاس آرائیاں بھی سامنے آئی ہیں کہ انکت بالیان آئندہ پنچایتی انتخابات میں حصہ لینے کی تیاری کر رہے تھے، تاہم پولیس یا مقتول کے قریبی ساتھیوں نے اس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔
پولیس کے مطابق قتل کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہیں اور واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔