بانی چیئرمین پیپلزپارٹی ذوالفقار علی بھٹو کی 45ویں برسی آج منائی جارہی ہے

بانی چیئرمین پیپلزپارٹی ذوالفقار علی بھٹو کی 45ویں برسی آج منائی جارہی ہے
کیپشن: The 45th birth anniversary of the founding chairman PPP Zulfiqar Ali Bhutto is being celebrated today

ویب ڈیسک: پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کی 45 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے، رمضان المبارک کے احترام میں ملک بھر میں سادگی سے تقریبات منعقد کی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق سرزمین بے آئین کو پہلا متفقہ آئین دینے والے سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو 5 جنوری 1928ء کو لاڑکانہ میں پیدا ہوئے، انہوں نے یونیورسٹی آف سدرن کیلیفورنیا اور آکسفورڈ سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور وکالت کو پیشے کے طور اختیار کیا۔

ذوالفقار علی بھٹو نے 1967ء میں پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی اور ‘روٹی، کپڑا، مکان’ کا نعرہ لگایا، بھٹو نے مختصر وقت میں عوام میں مقبولیت حاصل کی اور عام انتخابات میں عوام کا بھرپور اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، وہ سکندر مرزا کی کابینہ کے رکن اور ایوب خان کے دور میں وزیر خارجہ بنے۔

بانی پیپلز پارٹی کے دور اقتدار میں پاکستان کا آئین بنایا گیا، جوہری پروگرام شروع ہوا، سٹیل مل اور قومی پیداواری ادارے بنے لیکن صنعتوں کو قومیانے کی پالیسی پر سوالات اٹھتے ہیں، 4 اپریل 1979ء کے روز ذوالفقار علی بھٹو کو عدالتی حکم پر تختہ دار پر لٹکا کر عوامی سیاست کی بساط کو لپیٹ دیا گیا۔

حالیہ دنوں میں صدارتی ریفرنس پر ذوالفقار علی بھٹو کو ملک کی سب سے بڑی عدالت نے بیگناہ تو قرار دیدیا مگر ہنوز انصاف اب بھی ہونا باقی ہے، ذوالفقار علی بھٹو کی برسی پر رمضان المبارک کے احترام میں جلسے کے بجائے ملک بھر میں پیپلز پارٹی کے ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی جائے گی۔

صدرمملکت آصف علی زرداری کا پیغام: 

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل پاکستان کی آزادی اور خود مختاری کے خلاف گھناؤنی سازش تھی۔

    ذوالفقار علی بھٹو کے یوم شہادت پر اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ قائد عوام نے پاکستان کو دنیا کے باوقار ممالک کی صف میں شامل کیا۔

صدر مملکت نے کہا ہے کہ قائد عوام کا عدالتی قتل دراصل تیز رفتاری سے ترقی کرنے والے ملک کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے کی طرح تھا۔

آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید کی فلاسفی محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا مشن تھا، اب اس مشن کے نگہبان بلاول بھٹو زرداری ہیں۔ 

وزیراعظم محمد شہباز شریف کا شہید ذوالفقار علی بھٹو کو ان کی 45 ویں برسی پر خراج عقیدت

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو ان کی 45 ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔اپنے پیغام میں ان کا کہناتھا کہ پاکستان میں جمہوریت اور جمہوری روایات کے فروغ میں ذوالفقار علی بھٹو نے انتہائی اہم کردار ادا کیا۔ ذوالفقار علی بھٹو کی کاوشوں کی وجہ سے پاکستان کو 1973 کا آئین ملا جس پر تمام سیاسی جماعتوں نے اتفاق کیا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ نے اپنے حالیہ فیصلے میں ذوالفقار علی بھٹو کی سیاسی جد وجہد کی حقیقت پر مہر ثبت کی۔پاکستان میں جمہوریت اور جمہوری روایات کے فروغ میں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔