عمران خان کی نا اہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر

عمران خان کی نا اہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر
پی ڈی ایم نے عمران خان کی نا اہلی کے لیے الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کر دیا ہے. پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) نے آئین کے آرٹیکل 63 کے تحت ریفرنس دائر کیا ہے۔ریفرنس میں یہ کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم نے توشہ خانہ سے ملنے والے تحائف اثاثوں میں ظاہر نہیں کیے۔ ریفرنس میں استدعا کی گئی ہے کہ عمران خان کو آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل کیا جائے۔ ریفرنس محسن شاہنواز رانجھا کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جمع کرایا گیا ہے۔ خیال رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے سابق وزیراعظم خان پر غیر ملکی دوروں کے دوران ملنے والے تحائف فروخت کرنے کا الزام لگایا تھا۔ انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاتھا کہ قیمتی سرکاری تحائف میں ہیروں کے زیورات، کنگن اور گھڑیاں شامل ہیں۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ”میں تصدیق کر سکتا ہوں کہ عمران خان نے دبئی کے توشہ خانہ سے 140 ملین روپے کے سرکاری تحائف فروخت کیے.”

قانون کیا ہے؟ توشہ خانہ کابینہ ڈویژن کے انتظامی کنٹرول کے تحت ایک سرکاری محکمہ ہے، جو 1974 میں قائم کیا گیا تھا،یہ محکمہ ہمارے حکمرانوں، اراکین پارلیمنٹ، بیوروکریٹس اور دیگر سرکاری افسران کو دیگر سربراہان حکومت کی طرف سے دیے گئے قیمتی تحائف کو ذخیرہ کرنے کے لیے قائم کیا گیا تھا۔ جو لوگ تحفہ اپنے پاس رکھنا چاہتے ہیں وہ قیمت کی ایک مخصوص رقم ادا کر کے ایسا کر سکتے ہیں، دسمبر 2018 میں قوانین پر نظر ثانی کی گئی تھی جس کے تحت ان تحائف کو برقرار رکھنے کے لیے 50 فیصد ادائیگی کی ضرورت تھی۔ جو محفوظ نہیں ہیں وہ خزانے میں جمع رہتے ہیں یا انہیں نیلام کیا جا سکتا ہے اور فروخت کے ذریعے حاصل ہونے والی رقم سرکاری خزانے میں منتقل کر دی جاتی ہے۔

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔