پورٹ او پرنس: (ویب ڈیسک) ہفتے کے روز مسلح افراد نے ہیٹی کی آزادی کی سالگرہ کے موقع پر ایک تقریب کے دوران ملک کے وزیراعظم ایریل ہنری کو قتل کرنے کی کوشش کی۔ تاہم وہ بال بال بچ گئے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ہنری شمالی شہر گوناویس میں چرچ کی ایک تقریب میں شریک تھے۔ منظر عام پر آنے والی ویڈیو میں وزیراعظم اور ان کی ٹیم کی گاڑی شدید فائرنگ کے درمیان فرار ہوتے ہوئے دکھائی دے رہی ہے۔ گذشتہ برس جولائی میں صدر جووینیل موس کے قتل کے بعد سے ملک میں سکیورٹی کی صورتحال ابتر ہوتی جا رہی ہے۔ وزیراعظم ہنری نے حال ہی میں طاقتور گروہوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے اور ملک کی گیس کی تقسیم کو کنٹرول کرنے کا عزم کیا تھا۔ گیس کی تقسیم پر تجاوزات کی وجہ سے ہیٹی کو ایندھن کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ وزیراعظم کے دفتر نے کہا کہ قاتلانہ حملے کے پیچھے دہشت گردوں کا ہاتھ تھا۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق وزیراعظم پر حملہ کرنے والے گروہ نے پس پردہ کام کیا۔ مقامی میڈیا کے حوالے سے بتایا گیا کہ حملہ آوروں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان ہونے والے اس مقابلے میں ایک شخص ہلاک اور دو افراد زخمی ہوئے۔