ویب ڈیسک:سعودی عرب ، چین ، ترکیہ ملائیشیا اور فلسیطن کے سربراہان مملکت نے وزیر اعظم شہباز شریف کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کا کہنا ہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کو حلف اٹھانے پر مبارکباد دی ہے، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیر اعظم شہباز شریف کو تہنیتی پیغام دیا۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیر اعظم شہباز شریف کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا،انہوں نے پاکستان کے لیے ترقی و کامرانی کی امید ظاہر کی ہے ۔
چین کی مبارکباد:
چین نے شہباز شریف کو پاکستان کا وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ نینگ نے کہاہے کہ چین وزیر اعظم شہباز شریف کو پاکستان کا نیا وزیر اعظم منتخب ہونے پر دلی مبارکباد دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین ، چین پاک تعلقات اور چین پاک اقتصادی راہداری کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کے مثبت بیانات کو سراہتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یقین ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور پاکستان کی نئی حکومت کی قیادت میں اور پاکستان کے تمام حلقوں کی مشترکہ کاوشوں سے پاکستان یقیناً ملک کی ترقی کے نصب العین میں نئی اورمزید کامیابیاں حاصل کرنے میں کامیاب ہوگا۔
ترکیہ کے صدر کی مبارکباد:
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے شہباز شریف کی کامیابی پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے رشتے کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
رجب طیب اردگان نے کہا کہ شہباز شریف کے بحیثیت وزیراعظم انتخاب پر بہت خوشی ہوئی، پاکستان اور ترکیہ کی ترقی کے لئے مل کر کام کریں گے۔
اس موقع پر نومنتخب وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ طیب اردگان کے تہنیتی جذبات کا خیرمقدم کرتا ہوں، انہوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کی ہے ، ترکیہ نے ہمیشہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کی ، انشاءاللہ پاکستان دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ترکیہ نے ہمیشہ غزہ اور فلسطین کے تنازعات پر آواز بلند کی جو لائق تحسین ہے ، مسلم ممالک ترکیہ کے اس کردار کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، رجب طیب ایک تجربہ کار رہنما ہیں، ہمیں ان کے تجربہ سے مستفید ہونے کی ضرورت ہے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان سائپرس کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی ، ہائی لیول سٹریٹیجی ڈائیلاگ کے ساتویں سیشن میں پاکستان اور ترکیہ مل کر اس حوالے سے مزید پیشرفت کا جائزہ لیں گے۔
ملائیشیا کے وزیر اعظم کی مبارکباد:
ملائیشیاء کے وزیرِ اعظم نے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کو وزارتِ عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا.
ملائیشیاء کے وزیرِ اعظم نے قائد مسلم لیگ نواز محمد نواز شریف کیلئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا جس پر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ان کا شکریہ ادا کیا.
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیاء کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں. پاکستان ملائیشیاء کے ساتھ تجارتی و سفارتی تعلقات کے مزید فروغ کا خواہاں ہے.
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ملائیشیاء کے وزیرِ اعظم عزت مآب انور ابراہیم کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی.
فلسطینی صدر محمد عباس کی نو منتخب وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد
فلسطینی صدر محمد عباس نےنو منتخب وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دعاگو ہوں کہ وزیراعظم شہباز شر یف کی قیادت میں پاکستان ترقی کرے، وزیراعظم شہباز شریف پاکستانی عوام کی امنگوں پر پورا اتریں گے،پاکستان اور فلسطین کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں،پاکستان کی جانب سے فلسطینیوں کی اخلاقی و سفارتی حمایت پر مشکور ہوں ۔