لاہور: وزیر اعلیٰ محسن نقوی مریضوں نے شکایات پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔نگران وزیر اعلی نے ایم ایس کی سخت سرزنش کی اور فوری تبدیل کرتے ہوئے مستقل پرنسپل کی تعیناتی کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے آج ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سرگودھا کا دورہ کیا۔استقبالیہ پرچی کاؤنٹر پر مریضوں کی لمبی قطاریں،طبی سہولتوں کا فقدان، چیک اپ میں تاخیر،وارڈز کی بری حالت،مفت ٹیسٹ کی سہولت نہ مفت ادویات، مریضوں نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کے سامنے شکایات کے انبار لگا دئیے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ہسپتال میں طبی سہولتوں کے فقدان اور ابتر صورتحال پر شدید برہمی کااظہار کیا اورایم ایس ہسپتال کی سخت سرزنش کی۔وزیراعلی محسن نقوی نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا کے دورے کے دوران مریضوں کی شکایات،بدانتظامی اور فرائض سے غفلت برتنے پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا تبدیل اور مستقل پرنسپل کی تعیناتی کا حکم دیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے زیر تعمیر کارڈیک سنٹر کو جنرل وارڈ میں تبدیل کرنے کی ہدایت کی اور جنرل وارڈ کو فنکشنل کرنے کے لئے 3دن کی ڈیڈ لائن دی۔ مریضوں نے وزیراعلیٰ کو بتایاکہ ہم صبح 6بجے سے قطاروں میں کھڑے ہیں،کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ ہمارا کوئی پرسان حال نہیں،ٹیسٹ بھی باہر سے کرانا پڑتے ہیں اور ادویات بھی باہر سے منگوا نا پڑتی ہیں۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے خواتین و مرد مریضوں کی شکایات سنیں اور ان کے ازالے کے لئے موقع پر ہی احکامات دئیے اور ہسپتا ل کے باہر مخصوص لیب سے ٹیسٹ کرانے کے معاملے کی انکوائری کاحکم دے دیا۔ محسن نقوی نے کہاکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سرگودھا کی حالت زار دیکھ کر انتہائی افسوس ہوا،یہاں سارا کچھ خراب ہے۔ مریضوں کے ساتھ ہسپتال کے ڈاکٹرز بھی پریشان ہیں۔ ٹیسٹ کی سہولت ہسپتال کے اندر دستیاب ہونے کے باوجود باہر سے ٹیسٹ کرانے کا کیاجواز ہے؟۔مریضوں کے ساتھ ایسا سلوک کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ہسپتال کی حالت کو بہتر بنایا جائے گا خواہ مجھے با رباریہاں آنا پڑے۔ یہ ہسپتال سرگودھا کے ساتھ ملحقہ آبادیوں کو بھی علاج معالجے کی سہولت فراہم کرتاہے لیکن اس ہسپتال کی حالت انتہائی ابتر ہے۔ بچہ وارڈ میں سرگودھا میڈیکل کالج کے ڈاکٹر اشرف نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو ڈاکٹرز کی سنیارٹی نظر انداز کئے جانے کے حوالے سے شکایت کی۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مسئلے کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے علاج معالجے کی سہولتوں کاجائزہ لیا،استقبالیہ پرچی کاؤنٹرپر مریضوں اور تیمارداروں سے ملاقات کی اور طبی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سرجیکل ایمرجنسی وارڈ،بچہ وارڈ،میڈیکل ایمرجنسی وارڈ،ڈینگی وارڈاور دیگر وارڈز کا تفصیلی دورہ کیا،فرداً فرداً مریضوں سے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ محسن نقوی کی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سرگودھا کے کانفرنس ہال میں انتظامیہ اور ڈاکٹرز سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ڈاکٹرز کے مسائل سنے اور حل کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ڈاکٹرز کے ایشوز کو حل کیاجائے گا لیکن کسی کو سیاست نہیں کرنے دیں گے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہسپتال کے ساتھ زیر تعمیر عمارت اور گورنمنٹ ٹی بی ہسپتال سرگودھا کا بھی دورہ کیا۔صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم اورصوبائی وزیر اطلاعات عامر میر بھی ہمراہ تھے۔