ویب ڈیسک: وفاقی حکومت نے نئی پنشن اسکیم متعارف کرا دی جس کا نوٹی فکیشن وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کنٹری بیوٹری پنشن اسکیم فنڈ سے متعلق وزارت خزانہ سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق نئی پنشن اسکیم کے تحت ملازم پنشن کے لیے بنیادی تنخواہ کا 10 فیصد ادا کرے گا۔
نئی پنشن اسکیم کے تحت حکومت پنشن کے لیے بنیادی تنخواہ کا 20 فیصد ادا کرے گی جب کہ نئی اسکیم یکم جولائی 2024 کے بعد بھرتی ہونے والے سول ملازمین پر لاگو ہوگی۔
علاوہ ازیں، نئی پنشن اسکیم فوج کے یکم جولائی 2025 کے بعد بھرتی ہونے والے مستقل یاریگولر ملازمین پر لاگو ہوگی۔
اس سے قبل اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پے اینڈ پنشن کمیشن کی سفارشات پر پنشن اسکیم میں ترامیم کی منظوری دی تھی۔
ای سی سی نے پنشن اسکیم میں ترامیم یکم جولائی 2024 سے لاگو کرنے کی سفارش کی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم جولائی سے آنے والے نئے ملازمین کے لیے کنٹری بیوٹری پنشن اسکیم متعارف کرائی جائے گی، موجودہ پنشنرز کے لیے بھی نئے رولز متعارف کرائے جائیں گے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ پنشن بہت بڑا بوجھ ہے، وقت کے ساتھ ساتھ ہمیں سروس اسٹرکچر میں تبدیلی کرنا ہوگی تاکہ پنشن کا خرچہ آہستہ آہستہ ہمارے قابو میں آئے۔
نئی سکیم موجودہ ملازمین پر لاگو نہیں ہوگی۔ حکومت کا خیال ہے کہ کنٹری بیوشن پنشن فنڈ سرکار پر بڑھتے ہوئے پنشن واجبات کے بوجھ کو کم یا سست کر دے گا۔
رواں مالی سال کے لیے پنشن کے لیے وفاقی حکومت کے کل اخراجات کا تخمینہ 1.014 ٹریلین روپے لگایا گیا ہے، جو کہ مالی سال 24 میں 821 ارب روپے تھا۔
اس میں مسلح افواج کی پنشن واجبات بھی شامل ہیں جو رواں مالی سال کے لیے 662 ارب روپے ہیں، جو کہ 563 ارب روپے سے زیادہ ہیں ۔
دوسری طرف سول ملازمین کے پنشن کے اخراجات کا بجٹ رواں سال کے لیے 220 ارب روپے رکھا گیا ہے جو گزشتہ سال کے 228 ارب روپے کے مقابلے میں 3.5 فیصد کی کمی ہے۔
یادرہےپنشن بجٹ میں اضافے کی ایک بڑی وجہ یکم جولائی 2024 سے پنشن میں 15 فیصد اضافے کے لیے 122 ارب روپے مختص کرنا تھا۔